ترجمان پاک فوج سے متفق ، الزامات جھوٹے ، امریکہ : مضبوط تعلقات چاہتے ہیں ، پاکستان
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ امریکہ نے ایک روز قبل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے دیئے گے بیان سے اتفاق کیا ہے جس میں انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو ہٹانے کے حوالے سے غیر ملکی ’سازش‘ کے تاثر کو مسترد کر دیا تھا۔ سینئر امریکی عہدیدار نے یہ بیان پریس بریفنگ کے دوران ایک صحافی کے سوال کے جواب میں دیا۔ پریس بریفنگ میں نیڈ پرائس نے عمران خان کی طرف سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جو الزامات لگائے گئے ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ ہم بشمول انسانی حقوق کے احترام سمیت آئینی اور جمہوری اصولوں کی مکمل پاسداری کی حمایت کرتے ہیں، ہم پاکستان یا دنیا بھر میں ایک سیاسی جماعت پر دوسری سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتے۔ محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار نے کہا کہ امریکہ قانون کی حکمرانی اور قانون کے تحت مساوی انصاف کے تحت وسیع تر اصولوں کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکہ نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی حکومت کے ساتھ مل کر پاکستان اور وسیع تر خطے میں امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے کام کرنے کا منتظر ہے۔ نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان گزشتہ 75 سالوں سے انتہائی اہم تعلقات ہیں، شاید آپ نے وزیراعظم شہباز شریف کے انتخاب کے حوالے سے ایک بیان دیکھا ہو جو ہم نے گزشتہ رات سیکرٹری کے ذریعے جاری کیا تھا۔ ایک روز قبل امریکی وزیر خارجہ انٹونی جے بلنکن نے بھی شہبازشریف کو مبارکباد دی تھی اور حکومت پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
اسلام آبا د (خصوصی نامہ نگار) پاکستان نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا اور مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ اسلام آباد اور واشنگٹن میں دیرینہ، وسیع البنیاد اور دوطرفہ مفادات پر مبنی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلقات خطے اور دنیا کے امن و ترقی کے لئے نہایت اہم ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے انتخاب پر امریکہ کے تہنیتی پیغام کا شکریہ ادا کیا۔