• news

پروزاشرف بلا مقابلہ سپیکر قومی اسمبلی ، ڈپٹی سپیکر کیخلاف عدم اعتمادپر ووٹنگ آج 

اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف قومی اسمبلی کے بلا مقابلہ سپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔ قبل ازیں راجہ پرویز اشرف نے سپیکر کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائے، ان کے  مقابلے میں کسی دوسرے امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ راجہ پرویز اشرف کے سپیکر منتخب ہونے سے متعلق نوٹیفکیشن رولز کے مطابق جاری کیا جائے گا۔ سابق وزیراعظم کے تجویز اور تائید کنندہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ اور نوید قمر تھے۔ گوجر خان کے علاقے مندرہ سے تعلق رکھنے والے راجہ پرویز اشرف 26 دسمبر 1952 کو صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں پیدا ہوئے۔ پرویز اشرف کا نام سیاست میں ملکی سطح پر اس وقت منظر عام پرآیا جب انہوں نے 2002 کے انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 51 سے حصہ لیا اور کامیاب قرار پائے، اس کے بعد 2008 کے عام انتخابات میں بھی وہ اسی حلقے سے دوبارہ منتخب ہوکر قومی اسمبلی میں پہنچے۔ یوسف گیلانی کی نااہلی کے بعد راجہ پرویز اشرف نے ایوان صدر اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا تھا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس آج دن 12 بجے طلب کرلیا گیا، ڈپٹی سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ ہوگی۔ 16 اپریل کو طلب گئے گئے قومی اسمبلی کے اجلاس کا پانچ نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق ڈپٹی سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ ہوگی، نئے سپیکر کا انتخاب بھی ایجنڈا پر موجود ہے جبکہ نومنتخب سپیکر اپنے عہدے کا حلف بھی لیں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور تمام اتحادی جماعتوں کے ممبران دوپہر تیار رہیں، حکومت کل کے اجلاس میں نئے سپیکر کا انتخاب کروانا چاہتی ہے، قائم مقام سپیکر قاسم سوری نے 16 اپریل کا اجلاس ملتوی کر کے 22 اپریل کو اجلاس طلب کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن