احساس پروگرام‘ پناہ گاہیں بند کرنے کی خبریں جھوٹ: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کرنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دیدیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کوئی پروگرام بند نہیں ہوا، عوام کی بھلائی کے ہر منصوبے کو مزید بہتر بنائیں گے، وزیراعظم نوازشریف کا شروع کردہ صحت کارڈ اسی طرح چلتا رہے گا، اسے مزید بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جھوٹ وہ پھیلا رہے ہیں جنہیں وزیراعظم کی کرسی اور کنٹینر پر جھوٹ بولنے کی عادت ہے، آج ملک میں ایسا منتخب وزیراعظم ہے جو قومی سلامتی کے معاملات کو سیاست کے لیے استعمال نہیں کرتا۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق دور میں چوروں اور لٹیروں نے توشہ خانہ کے تحائف 18 کروڑ روپے میں فروخت کئے گئے، چار سال ملک پر مسلط ٹولہ عوام کو بے وقوف بنانے کی مسلسل کوشش کرتا رہا، مسلسل جھوٹ بولتا رہا، عمران خان آٹا، چینی، بی آر ٹی اور فارن فنڈنگ کا چور ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ تحریک عدم اعتماد اور ووٹ کی طاقت سے اس ٹولے کو پارلیمان سے اٹھا کر باہر پھینکا گیا، وزیراعظم شہباز شریف انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ فواد چوہدری جھوٹ بولے بغیر رہ نہیں سکتے، عمران خان کے کرائے کے ترجمانوں کو جھوٹ بولنے کی عادت ہے۔