• news

 ای کچہری :تارکین وطن کو درپیش مسائل کا موقع پر حل ایک کامیاب حکمت عملی ہے:سید خادم عباس


لاہور(نیوز رپورٹر)کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی) پنجاب سید خادم عباس نے کہا ہے کہ ای کچہری کے ذریعے تارکین وطن کو درپیش مسائل کا موقع پر حل ایک کامیاب حکمت عملی ہے جس کو مختلف ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے ای کچہری کے انعقاد کو ایک خوشگوار اور مثبت قدم قرار دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ای کچہری میں پہلے سے طے شدہ وقت کے مطابق سمندر پار مقیم پاکستانیوں سے آن لائن رابطہ کرکے موقع پر ان کی شکایات اور مسائل کا حل کر دیے جاتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں او پی سی پنجاب میں اوورسیز کے مسائل کے حل کے حوالے سے منعقدہ ای کچہری اور  ہفت روزہ کارکردگی کے اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر او پی سی سید خادم عباس نے یورپ اور سکینڈے نیوین ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے ساتھ طے کردہ وقت کے مطابق آن لائن رابطہ کیا جس میں اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے کمپلینٹ آئی ڈی نمبر کے تحت ای کچہری میں شرکت کی ان کے زیادہ تر مسائل کا تعلق محکمہ مال، پولیس، قبضہ مافیا اور پراسیکیوشن سے تھا۔کمشنر او پی سی نے کمپلینٹ آئی ڈی نمبر کے تحت فرداً فرداً رابط کرنے والے تارکین وطن کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر موجود ڈیلنگ افسران کو احکامات جاری کیے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ملک کے بہترین سفیر اور قیمتی اثاثہ ہیں ان کے مسائل کا حل ترجیح ہے۔ ای کچہری میں شریک تارکین وطن نے بھی ای کچہری کے ذریعہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کو ایک قابل تحسین اقدام قرار دیا۔بعد ازاں کمشنر او پی سی سید خادم عباس نے  ہفت روزہ کارکردگی کے حوالے سے ڈیلنگ افسران سے خصوصی بریفنگ بھی لی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گذشتہ نو ہفتوں کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی1355 شکایات کاازالہ کیا گیا ہے جبکہ تین ماہ کے اندر یکم مئی تک 2000 شکایات کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جسے حتمی تاریخ سے قبل ہی حاصل کر لیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل او پی سی عشرت اللہ خان نیازی، ڈائریکٹر ایڈمین اوپی سی تنویر ماجد، ڈائریکٹر لیگل او پی سی راجہ زبیر، ڈائریکٹر پولیس میٹرز او پی سی امتیاز احمد، ڈائریکٹرریونیواو پی سی اسلم رامے، ڈپٹی ڈائریکٹر زاور دیگر ڈیلنگ افسران نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن