• news

مارکٹائی کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے رویہ کی مذمت کرتے ہیں، چودھری برادران

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ ق کے صدر سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی جیسے جمہوری ایوان میں آئین اور قانون کا جس طرح مذاق اڑایا گیا اس کی پارلیمانی و سیاسی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ وہ لڑائی جھگڑے اور مارکٹائی کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے رویہ کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ ہوں یا علیم خان پرویزالٰہی نے سب کی مدد کی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ایما پر مجھ پر تشدد کرایا گیا، مجھ پر حملہ منصوبہ بندی سے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے کہنے پر تو عدالتیں رات کو بھی کھل جاتی ہیں میں کہاں جائوں میں اپنا مقدمہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑتا ہو ں۔ میں تو مسلم لیگ ن کے ارکان کو برابری کی بنیاد پر موقع دیتا اور پروڈکشن آرڈر جاری کرتا رہا۔  مزیدبراں چودھری پرویزالٰہی نے تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درخواست دیدی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کمشنر، ڈی سی اور آئی جی کے حکم پر ایس پی، ایس ایچ اوز بھاری نفری کے ہمراہ ہائوس میں دندناتے ہوئے آئے، ن لیگ کے تمام ارکان اسمبلی اور ملوث افسران کے نام ایف آئی آر میں لکھوا دیئے ہیں ہم یہ نہیں چاہتے کہ عدالتیں رات کے اندھیرے میں انصاف دیں بلکہ دن کی روشنی میں انصاف کے طلبگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب میں سپیکر اور کسٹوڈین آف ہائوس ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن