بعض ارکان پنجاب اسمبلی کے پاس اسلحہ تھا‘ جھگڑا ق لیگ نے کرایا‘ مسلم لیگ ن
لاہور (نامہ نگار خصوصی+ سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کچھ ارکان اسمبلی کے پاس اسلحہ بھی موجود ہے، ق لیگ نے پنجاب اسمبلی میں جھگڑا کرایا۔ پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ اور ملک احمد خان نے کہا کہ پرویزالہٰی نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی، عدالت نے کہا تھا صرف وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن ہوگا، ڈپٹی سپیکر پر حملے کے بعد فورس بلائی گئی، درجنوں کے حساب سے افراد کو ایوان کے اندر داخل کرایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدمعاشی، بدعنوانی کی سیاست قابل مذمت ہے، عینی شاہد ہوں ایوان میں جو لوگ داخل کیے گئے ان کے پاس اسلحہ موجود تھا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ ماضی میں ایوان میں ڈپٹی سپیکر کو قتل کرنے کے بعد مارشل لا لگا تھا، ہمیں کل سے ان کے منصوبے کی اطلاع تھی، پرائیویٹ افراد کا اندر جانا، ڈپٹی سپیکر ہمارے اراکین اسمبلی آخر تک پرامن رہیں گے، انہوں نے چیف جسٹس ہائیکورٹ سے نوٹس کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا جہانگیر ترین سمیت بہت سے لوگ پی ٹی آئی سے خود الگ ہوئے کیا ہم نے انہیں پی ٹی آئی سے الگ کیا۔