چاغی میں پینے کا صاف پانی نایاب ہوگیا : ناصراقبال
لاہور(کلچرل رپورٹر) انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی چیئرمین محمدناصراقبال خان ،مرکزی سیکرٹری جنرل تنویراحمدخان ، بلوچستان کے صوبائی صدر کامران خان بازئی اوراحسن ایاز کھیتران نے کہا ہے کہ اہلیان چاغی کیلئے پینے کا صاف پانی نایاب ہوگیا۔وہ شب وروز پانی کی تلاش میں مارے مارے پھر نے کے بعدپیاس کی شدت سے صحرائوں میں بے موت مارے جاتے ہیں۔کیا ریاست ان کی ماں نہیں،ان کامسیحا کون بنے گا۔چاغی میںبے رحم پیاس کئی انسانوں کی زندگی نگل گئی ،ان اموات کوقتل عمدقراردیاجائے۔وہاں تپتے صحرائوں میںمقامی بلوچ پانی جیسی نعمت کیلئے ایڑیاں رگڑ رہے ہیں جبکہ منتخب ایوانوں میں اقتدار کی بندر بانٹ جاری ہے۔ وہ ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ محمد ناصراقبال خان ،تنویراحمد خان ، کامران خان بازئی اوراحسن ایاز کھیتران نے مزید کہا کہ ریاست چاغی میں انسانوں اورحیوانوں کی بقاء کیلئے فوری صاف پانی کی فراہمی اورفراوانی یقینی بنائے۔وہاں پانی کی عدم دستیابی کے نتیجہ میں قیمتی انسانی جانوں کاضیاع قومی سانحہ ہے۔