پرویز اشرف کے سپیکر منتخب ہونے پر گوجر خان کے عوام میں خوشی کی لہر
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ)’’ہم محبت میں بھی توحید کے قائل ہیں فراز،ایک ہی شخص کو محبوب بنا رکھا ہے‘بلا مقابلہ منتخب ہونیوالے سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف تحصیل گوجرخان کے واحد سیاستدان ہیں جنہوں نے اپنی سیاسی وفاداری کبھی تبدیل نہیں کی۔راجہ پرویز اشرف نے عملی سیاست کا آغازپاکستان پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے 1993میں تحصیل گوجرخان سے صوبائی اسمبلی کے الیکشن میں حصہ لیکرکیا سپریم کورٹ کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو نااہل کیا گیا تو ملکی سیاست کا سب سے بڑا اور باوقار منصب وزارت عظمی کا تاج بھی انکے سر پر سجا۔ہزاروں بے روزگاروں کو نوکریاں دلانا،تحصیل گوجرخان میں پاسپورٹ آفس کا قیام،زرعی ترقیاتی بینک دولتالہ سمیت سینکڑوں ترقیاتی کام بھی آپ کے کریڈٹ پر ہیں۔2018ء کے انتخابات میں جب پی ٹی آئی کا طوطی ملک بھر میں بول رہا تھا اس وقت بھی پنجاب سے جو پیپلزپارٹی کے صرف تین ایم این اے منتخب ہوئے ان میں ایک راجہ پرویز اشرف بھی تھے۔کچھ عرصہ قبل ہی پیپلز پارٹی کو پنجاب بھر میں دوبارہ منظم کرنے کے لیے سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے راجہ پرویز اشرف کو پیپلز پارٹی پنجاب کا صدر بنایا حلقہ کے عوام نومنتخب سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے یہ توقع بھی کر رہے ہیں کہ وہ اپنی پہلی فرصت میں ضلع گوجرخان،پوٹھوہار یونیورسٹی،تحصیل دولتالہ،ٹراما سنٹر گوجرخان اور کیڈٹ کالج جیسے دیرینہ مطالبات کو بھی پورا کرانے میں اپنا کلیدی کردارادا کریں گے۔