قومی ہاکی ٹیم کا دورہ یورپ ‘آئندہ ہفتے ویزے ملیں گے ‘22اپریل کو روانگی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ہاکی ٹیم کے دورہ یورپ میں میچز کا شیڈول فائنل ہوگیا۔ ویزے اگلے ہفتے مل جائیں گے۔قومی ٹیم پانچ میچز کھیلنے کیلئے بائیس اپریل کو ہالینڈ روانہ ہوگی، ہیڈکوچ سیگفرائید ایکمین پہلے ہی ایمسٹرڈیم روانہ ہورہے ہیں۔پروگرام کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم پہلے مرحلے میں ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم پہنچے گی جہاں تین روز پریکٹس کے بعد چھبیس اپریل کوہالینڈ کیساتھ پہلا میچ کھیلے گی، دوسرا میچ ستائیس اپریل کوطے ہے۔ اٹھائیس اپریل کو بلجیئم روانگی کے بعد انتیس اپریل کووہاں میچ شیڈول ہے، سپین کیساتھ تین میچ دور ے میں شامل ہیں، جو دو، تین اور چارمئی کو ہوں گے۔ٹیم منیجر خواجہ جنید کے مطابق کافی عرصے بعد پاکستانی ٹیم یورپ جارہی ہے ، ایشیا کپ سے پہلے اس ٹور سے پاکستانی کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے اور ہمیں ٹیم کی خامیوں کو بہتر بنانے کا موقع ملے گا، ایکمین کی جلد روانگی کا مقصد وہاں پر ٹیم کے پہنچنے سے پہلے انتظامات کو یقینی بناناہے۔یورپ سے واپسی پر دوبارہ کیمپ لگے گا جس کے بعد ایشیا کپ کیلئے جکارتہ انڈونیشیا روانگی ہوگی۔