• news

وفاقی کابینہ میں پیپلز پارٹی 11 ‘ ن لیگ کو 14 وزارتیں ملیں گی: رانا ثناء

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اﷲ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ کا حصہ بن رہی ہے۔ ان کو 11 قلمدان دیئے جائیں گے۔ وزارت خارجہ پی پی کو ملے گی۔ وزارت خزانہ ن لیگ کے پاس ہو گی۔ پی پی نے بلاول بھٹو زرداری کو وزیر خارجہ بنانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ وفاقی کابینہ میں مسلم لیگ ن کے 14 اور پی پی کے 11 وزراء ہوں گے۔ کابینہ کی تشکیل کیلئے اتحادی جماعتوں کی مشترکہ کمیٹی نے ورکنگ مکمل کر لی ہے۔ وزارت منصوبہ بندی اور وزارت اطلاعات ن لیگ کے پاس ہو گی۔ وزارت تجارت اور مواصلات میں سے ایک پی پی اور ایک ن لیگ کو ملے گی۔ وزارت توانائی ن لیگ کو ملے گی۔ یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینٹ بنایا جائے گا۔ بحری امور اور اوورسیز پاکستانیوں کی وزارت پی پی اور ایم کیو ایم کے پاس ہو گی۔ گورنر پنجاب ن لیگ مقرر کرے گی۔ گورنر پنجاب کون ہو گا ابھی اس کا فیصلہ نہیں ہوا۔ گورنر سندھ کا فیصلہ پی پی اور ایم کیو ایم کریں گی۔ انسانی حقوق کی وزارت پی پی کے پاس جائے گی۔ وزیر داخلہ کون بنیں گے اس کا فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔ شاہد خاقان عباسی کابینہ کا حصہ ہوں گے۔
رانا ثناء 

ای پیپر-دی نیشن