اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کیلئے مسجد کی تعمیر بہترین صدقہ جاریہ :ضیاء اللہ سندھو
کامونکی(نمائندہ خصوصی)مسجد کی تعمیر بہترین صدقہ جاریہ ہے کیونکہ مساجد قیامت تک باقی رہنے والی ہیں اور جب تک لوگ مسجد میں نمازیں پڑھتے رہیں گے اور مسجد کو بناکر دینی خدمات انجام دی جاتی رہیں گی اس کا اجر و ثواب مسجد تعمیر کرنے والے کے حق میں لکھاجاتا رہے گا۔ان خیالات کا اظہار امیدوار برائے میئر ضلع گوجرانوالہ و سابق وائس چیئرمین یونین کونسل چودھری ضیائ اللہ سندھو نے گزشتہ روز گورنمنٹ گریجویٹ کالج گھنیاں میں مسجد الرحمن کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا،تقریب میں پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج چودھری محمد اصغر سمیت اساتذہ سمیت طلباء نے بھی شرکت کی۔انہوں نے کہاکہ دنیا میں مسلمان بہت سارے نیک کام کرتے ہیں لیکن ان نیک کاموں میں سے بعض کاموں کا اجر و ثواب صرف دنیا کی زندگی تک رہتا ہے اور بعض کاموں کا اجر و ثواب زندگی کے علاوہ مرنے کے بعد بھی آدمی کو ملتا رہتا ہے۔ ان ہی میں سے ایک کام اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی کیلئے اللہ کے گھر مسجد تعمیر کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ نبی کریم ؐنے فرمایا جب انسان دنیا سے گزر جاتا ہے تو صرف تین چیزوں کا اجر و ثواب اس کو مرنے کے بعد بھی ملتا رہتا ہے۔
ایک صدقہ جاریہ، دوسرے نفع بخش علم اور تیسرے نیک صالح اولاد جو اس کیلئے دعائیں کرتی رہتی ہے۔