فوری الیکشن چاہئیں ، فضل الرحمن ، زرداری کی ملاقات ، مل کر چلنے پر اتفاق
اسلام آباد (خبر نگار‘ آئی این پی‘ نوائے وقت رپورٹ) حکمران اتحاد پی ڈی ایم و جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملک میں فوری الیکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصلحت کی بھی حد ہوتی ہے‘ اقتدار کو غیر ضروری طول دینا جے یو آئی (ف) کا مؤقف نہیں‘ قوم کو اس کی امانت واپس کرنا ذمہ داری ہے۔ انتخابی نظام میں کوئی خامی ہے تو وقتی طور پر اصلاحات کی جائیں‘ موجودہ اسمبلیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انتخابی اصلاحات کر لیں، نئی حکومت زیادہ سے زیادہ ایک سال کیلئے ہے‘ موجودہ حکومت کے اندر جے یو آئی (ف) کا اپنا مؤقف ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا ہمیں فوری طور پر الیکشن چاہئیں، قوم کو امانت واپس کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ دریں اثناء مولانا فضل الرحمن نے سابق صدر آصف علی زرادری کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔ زرداری سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کیلئے انکی رہائش گاہ گئے۔ سربراہ پی ڈی ایم کیساتھ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال‘ کابینہ کی تشکیل اور آئندہ کی مشترکہ حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں مل کر چلنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔