• news

عمران جیب گرم ملک دیوالیہ کر گیا ، خواجہ آصف : جلد الیکشن کی تجویز دیدی 

اسلام آباد (نا مہ نگار) قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) نے فوری نئے انتخابات کی تجویز پیش کر دی ہے، خواجہ آصف نے کہا کہ اقتدار سے نکلنے کے بعد عمران خان سول وار چاہتے ہیں، ساڑھے 3سال میں ملک میں تباہی پھیلائی گئی، تحریک انصاف کے منحرف رکن اسمبلی نور عالم خان نے سابق وزرا کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا،پیپلز پارٹی کی رکن نفیسہ شاہ نے کہا کہ ہے تحریک انصاف کو ایوان میں واپس لایا جا نا چاہئے،دوسری جانب سپیکر راجہ پرویز اشرف نے موجود قومی اسمبلی کے ابتک ہونے والے تمام اجلاسوں کے دوران ارکان کیلئے استعمال کیلئے گئے " غدار" کے الفاظ کو ریکارڈ سے حذف کر وا دیا۔صدر مملکت کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کی اظہار تشکر تحریک کو قومی اسمبلی میں سمیٹ دیا گیا، حکومتی اتحادی جماعت بی این پی مینگل ، محسن داوڑ اور علی وزیر نے چاغی واقعہ پر ایوان سے واک آوٹ کیا، قومی اسمبلی کا اجلاس (آج) منگل کو دوپہر 2بجے تک ملتوی کر دیا۔ پیر کو قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں ہوا ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان چور مچائے شور کے مصداق عمل کر رہا ہے، کپتان پچ پر لیٹ گیا، کہتا ہے مجھے رات کو عدالت لگا کر نکالا گیا۔ خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے جلد الیکشن کی تجویز دی، انہوں نے کہ میرا ذاتی خیال ہے جتنا جلد ہو ہمیں عوام کے پاس جانا چاہیے اور نیا مینڈیٹ لینا چاہئے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ کل ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لئے ارکان کاغذات نامزدگی لیں گے، پرسوں ڈپٹی سپیکر کا الیکشن ہوگا۔  عمران خان ملک کو دیوالیہ کرچکا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اپنے حواریوں کے کھربوں روپے بنا لئے ہیں، ملک کنگال کر دیا ہے، عمران خان کا اقتدار نہیں رہا تو ہر چیز دا پر لگا دی، توشہ خانہ میں جمع تحفے پیسے لے کر بازاروں میں فروخت کیے، خود ساختہ صادق و امین نے دھجیاں بکھیر دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں غداری کا الزام دینے والے نے خود اسرائیل و بھارت سے فنڈنگ لی، بعید نہیں کہ یہ کہیں دیگر لوگوں کے گھروں تک پہنچ کر ملک کو سول وار کی جانب نہ دھکیل دیں۔ خواجہ آصف کاکہنا تھا کہ کپتان نے پہلی تقریر میں عدالت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، احتجاج کرنا ان کا حق ہے، عوام سے رجوع کریں۔ لیگی رہنما نے کہا کہ ساڑھے تین سال میں مہنگائی اور امن و امان کو انہوں نے کہاں تک پہنچایا، اوورسیز پاکستانیوں تک نفرت کا یہ سلسلہ پہنچ چکا ہے جو خطرناک ترین ہے۔ ایک شخص سو فیصد فراڈیہ ہے، پرویز الہی کے گھر گیا تھا، انہوں نے دعائے خیر کرائی تھی، اب  رو رہے ہیں، خجل ہو رہے ہیں۔ پائیوڈین لگائی ہے، پتہ نہیں آکسیجن کہاں سے آ رہی ہے۔ خواجہ آصف نے بتایا کہ ذہنی بیمار شخص پونے چار سال وزیراعظم رہا ہے، ریاست مدینہ بھول گیا، نواں چورن بیچ رہا ہے۔بلوچستان حکومت کی سٹوری سنیں گے تو کانوں کوہاتھ لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کو دیوالیہ کرگیا، اپنی جیبیں گرم کرگیا، ایک خط لہرا کر ہماری غداری اور حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ اب عمران بانٹے گا ؟ لیگی رہنما نے کہا کہ اسپیکر سے گزارش ہے کہ اس صدارتی خطاب پر بحث کو آج دفن کردیں تاکہ نارمل ایجنڈا آگے بڑھے،   عمران خان چور مچائے شور کے مصداق عمل کر رہا ہے، کپتان نے عوام کو روٹی کے لئے محتاج کردیا ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بی این پی کے دوستوں کو درخواست کرتا ہوں کہ ہم ملکر بلوچستان کے مسائل کا حل ڈھونڈیں۔نور عالم  خان نے کہاکہ اب بھی کہتاہوں کہ سابقہ وزرا کے نام ای سی ایل میں ڈالنا چاہیے، موجودہ حکومت کے بھی وزرا کے نام ابھی سے ای سی ایل میں ڈال دیں، بعد میں پتا چلتا ہے کوئی پشاور سے بھاگ رہا ہے کوئی کہیں سے، ہر اس بندے کا احتساب ہونا چاہیے جس نے ہیلی کاپٹر اور لینڈ کروزر کا استعمال کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یوٹیلیٹی سٹورزپر گھی، چینی اور آٹے پرسبسڈی دیں اور شناختی کارڈکی شرط ختم کریں۔ پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا کہ اس وقت ملک ایک نازک نہج پر کھڑا ہے،ساڑھے تین سال میں پارلیمانی نظام کو ایک بڑا دھچکا لگا ہے، 80 فیصد قوانین آرڈیننسز کے ذریعے بنائے گئے اور اس ایوان کو ربڑ سٹیمپ کے طور پر استعمال کیا گیا ،آج ایوان میں اپوزیشن موجود نہیں ہے، موجود ہو نا چاہیئے انہیں واپس لانا چاہیئے، شگفتہ جمانی نے کہا کہ اس ایوان کا آپ پر مکمل اعتماد ہے، لاجز میں اچھے موذن کی ضرورت ہے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن اسمبلی آغا حسن بلوچ نے کہا کہ آپ کو اسپیکر منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں ،16تاریخ کو ایک دلخراش واقعہ چاغی میں پیش آیا، 6 افراد کو شہید کیا بہت سے لوگ زخمی ہوئے،  بی این پی ارکان نے اس واقعہ کے خلاف احتجاجا ایوان سے واک آوٹ کیا۔ بی این پی ارکان کے ساتھ محسن داوڑ اور علی وزیر نے بھی ایوان سے واک آوٹ کیا۔ جمعیت علما اسلام(ف) کے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی نے کہا کہ عمران خان نے پہلے چار سال قوم سے جھوٹ بولا نہ ایک کروڑ نوکریاں دیں نہ پچاس لاکھ گھر دیئے، یہ ایک انتہاپسند تنظیم ہے، مسلم لیگ(ن)کی رکن قومی اسمبلی مہناز اکبر عزیز نے کہا کہ تعلیم پر چار سال میں کوئی توجہ نہیں دی گئی،انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کے پاس کیا ثبوت تھے کہ انہوں نے ہمیں غدار کہا؟ وہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ میں غدار ہوں ؟ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اس ایوان کے ممبران کے لئے اگر کوئی لفظ غدار استعمال ہوا ہے جہاں بھی ہوا ہے جس نے بھی کیا ہے میں اس کو حذف کرتا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن