آزاد کشمیر : تنویر الیاس بلا مقابلہ وزیراعظم منتخب ، حلف اٹھالیا
مظفر آباد (نوائے وقت رپورٹ) سردار تنویر الیاس 33 ووٹ لے کر بلا مقابلہ وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوگئے، اپوزیشن کا بائیکاٹ، صدر بیرسٹر سلطان محمود نے نئے سربراہ سے حلف لیا۔ تقریب میں مختلف محکموں کے افسران، ممبران اسمبلی و دیگر افراد نے خصوصی شرکت کی۔ نو منتخب وزیراعظم کے ساتھ دو وزراء نے بھی حلف اٹھا لیا، وزراء میں خواجہ فاروق اور چودھری اخلاق شامل ہیں۔ قبل ازیں قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کی تین جماعتوں نے بائیکاٹ کیا۔ اپوزیش لیڈر نے کہا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں پنجاب کی طرح غنڈہ گردی چاہتی ہے۔ نومنتخب وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کا کہنا ہے کہ گزشتہ 9 ماہ ہم نے ضائع کردیئے، نظر ہی نہیںآتا تھا کہ آزادکشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت ہے۔ آزادکشمیر اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس کا کہنا ہے کہ آزادکشمیر میں 3 ماہ میں حقیقی معنوں میں تحریک انصاف کی حکومت نظر آئے گی۔ تنویر الیاس نے کہا کہ جو مہاجرین آئے ہیں انہیں تمام بنیادی سہولیات فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد یونیورسٹی کا نام سید علی گیلانی کے نام سے موسوم کیا جائے گا۔ بعدازاں آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔