’’ کوٹ ادو کے نعت گو‘‘
محقق ‘ ادیب اور شاعر متین کاشمیری کی مرتب کردہ زیر ِ تبصرہ کتاب میں کوٹ ادو کے قدیم اور جدید نعت گو شعراء کے نعتیہ کلام کا انتخاب شائع کیا گیا ہے ۔ہر شاعر کے کلام کے ساتھ ساتھ اس کے مختصر حالات زندگی بھی درج کئے گئے ہیں۔مصنف کے مطابق اس کتاب میں کوٹ ادو میں پیدا ہونے یا وفات پانے والے اور کچھ عرصہ کے لیے قیام کرنے والوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔شاعری کے یہ نمونے اردو‘ پنجابی‘ سرائیکی اور فارسی زبان میں ہیں۔ عربی اور فارسی کلام کا آسان اور رواں اردو میں ترجمہ بھی کیا گیا ہے۔ تاکہ عام قاری کے لئے اشعار کی تفہیم آسان ہو سکے۔ کتاب میں ڈاکٹر عنصر اظہر اور پروفیسر ڈاکٹر رفیع الدین احمد صدیقی کے تعارفی مضامین بھی شامل ہیں جس سے کتاب کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ کتاب میں کوٹ ادو کی تاریخ، محل وقوع آبادی اور رقبے کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی گئی ہیں ۔ مصنف اس سے قبل ’’ احوال و آثار‘‘ مولانا غلام قادر اشرفی‘ ’’ احوال و آثار‘ شیخ عبدالعزیز ہاروی ایسی کتب شائع کر کے متعلقہ حلقوں میں پذیرائی حاصل کر چکے ہیں۔ جبکہ ’’ملفوظات و مکتوبات موسویہ ‘‘ اور ’’جموں سے لاہور‘‘ کے زیر عنوان دو کتابیں زیر اشاعت ہیں۔ 188 صفحات پر مشتمل اس کتاب پر کوئی قیمت درج نہیں ہے۔ کتاب کی ناشر حمیدہ بیگم میموریل ٹرسٹ کوٹ ادو‘ ضلع مظفر گڑھ ہے اور کتاب آستانہ عالیہ نقشبندیہ مجددیہ‘ مکان نمبر 15 ‘ گلی نمبر 56‘ محمد احمد سٹریٹ گوالمنڈی لاہور اور سعید بک ڈپو تھانہ روڈ‘ کوٹ ادو ضلع مظفر گڑھ سے مل سکتی ہے۔ ( تبصرہ ، ایس اے خان )