• news

18ویں ترمیم لاکر آئین کو پاک کیا زرداری منظوری تاریخی کا رنامہ بلاول 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ این این آئی) سابق صدر  آصف علی زرداری نے اٹھارہویں آئینی ترمیم کی منظوری کے دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کے دن 1973ء کے آئین کو آمروں کی طرف سے کی گئی ترامیم سے پاک کیا تھا۔ اٹھارہویں آئینی ترامیم کے ثمرات سامنے آرہے ہیں۔ صوبوں کو خودمختاری دینے سے وفاق مستحکم ہوا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم وفاق اور صوبوں کے درمیان ایک میثاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت پسند سیاسی جماعتوں کا 1973ء کے آئین پر اعتماد باعث اطمینان ہے۔ پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر نے کہا کہ آئین شکنوں نے 1973ء کے آئین کے بانی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کو تو قتل کیا مگر آئین کو ختم نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی اصلی صورت میں بحالی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا خواب تھا۔ دریں اثناء  بھٹو زرداری نے اٹھارویں ترمیم کو 12 سال مکمل ہونے کے موقع پر کہا ہے کہ اٹھارویں آئینی ترمیم پاکستان کے جمہوریت پسند قوتوں کی عوام دوستی اور پاکستان پسندی کا مظہر ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد کوئی بھی آئین شکن اپنی مرضی کا نقب نہیں لگا سکتا، پاکستانی عوام دستور کی پاسداری اور جمہوریت کا تسلسل چاہتے ہیں،  پیپلز پارٹی اٹھارویں ترمیم پر مکمل عملدرآمد کے لیئے سرگرم عمل ہے، حتمی فتح عوام ہی کی ہوگی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ صدر آصف علی زرداری کی زیرِ قیادت حکومت کے دوران اٹھارویں ترمیم کی منظوری تاریخ ساز کارنامہ تھا۔  انہوںنے کہاکہ اٹھارویں آئینی ترمیم نے 1973ء کے متفقہ آئین کی روح کو بحال کیا، صدر آصف علی زرداری نے اٹھارویں ترمیم کے تحت صدر کو حاصل تمام ایگزیکٹو اختیارات پارلیمان کو دیئے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے نتیجے میں صوبوں کو ان کا حق ملا، وفاق مضبوط ہوا۔
زرداری/ بلاول

ای پیپر-دی نیشن