عید تک آٹا چینی پر ریلیف دیں گے وزیراعظم آرمی چیف کی ملاقات
اسلام آباد/ لاہور (خبرنگار خصوصی+ کامرس رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ہوئی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق شہباز شریف کے عہدہ سنبھالنے کے بعد منگل کو شہباز شریف اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے مابین ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں قومی سلامتی، باہمی دلچسپی اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے روزہ داروں کے لیے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے عید تک 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت550 سے کم کر کے پنجاب میں 400روپے اور رمضان بازار اور یوٹیلیٹی سٹورز میں فی کلو چینی کی قیمت 75 روپے سے کم کر کے70 روپے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ باقی صوبے بھی یہ قیمتیں مقرر کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب آٹا اور چینی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بلوچستان اور آزاد جموں کشمیر کی امداد کرے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ضرورت کے مطابق بلوچستان کو اضافی ادائیگی کرے گی۔ ایک ٹویٹ میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کی تشکیل میاں نواز شریف اور اتحادی جماعتوں کی مکمل مشاورت سے کی گئی ہے۔ کام‘ کام اور صرف کام ہمارا نصب العین ہے۔ مجھے پوری امید ہے کہ وفاقی وزرائ‘ وزرائے مملکت اور مشیر قائدانہ کردار ادا کریں گے اور عوام کے مسائل حل کریں گے۔ کام ‘ کام اور صرف کام ہمارا نصب العین ہے۔ شہباز شریف سے یواے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے ملاقات کی۔ امارات کے سفیر نے وزیراعظم کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے امارات کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین اشتراک کار کو مزید بڑھانے کیلئے یو اے ای کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ وزیراعظم نے محض پچاس سال کے عرصہ میں ملک کو تبدیل کرنے کے امارات کی قیادت کے وژن کو بھی سراہا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر، غذائی تحفظ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے سمیت اقتصادی تعلقات کے مزید فروغ کیلئے اپنی حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین ہمیشہ خصوصی تعلقات استوار رہے ہیں جن کی بنیاد مشترکہ تاریخ، عقیدے اور جغرافیائی قربت پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے مابین بھی قریبی رابطے استوار ہیں۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں سمندر پار پاکستانیوں کے اہم کردار کو سراہا جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دہائیوں پرانے دوستانہ تعلقات ہیں اور اعلی سطحی روابط سے دوطرفہ تعاون کو مہمیز ملتی ہے۔ ایک اور ٹویٹ میں شہباز شریف نے سویڈن اور نیدرلینڈز میں اسلامو فوبیا کے واقعات پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے لکھا کہ سویڈن اور نیدرلینڈز میں اسلاموفوبیا کے حالیہ واقعات سے پاکستان اور دنیا بھر میں موجود مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ عالمی برادری کو ان واقعات کی مذمت کرنی چاہیے اور ایسے نفرت انگیز رویوں کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب کو اسلاموفوبیا کے خلاف متحد ہوکر کھڑا ہونا چاہئے۔ دوسری جانب پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عاصم رضا احمد نے رابطہ کرنے پر بتایا ہے کہ پنجاب میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کی سپلائی فلور ملز جمعرات سے شروع کریں گی۔ جبکہ فلور ملز 20 کلو پیکنگ میں آٹا تیار نہیں کریں گی۔ محکمہ خوراک فلور ملز کو 1600 روپے فی من قیمت پر گندم فراہم کرے گا۔ ایک بوری گندم میں سے 8 تھیلے آٹا تیار ہو گا۔ رمضان المبارک کے اختتام تک اوپن مارکیٹ اور رمضان بازاروں میں سستا آٹا فروخت ہوگا، عید سے قبل سکیم ختم ہوجائے گی۔
شہباز شریف