شعیب ملک کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شمولیت کا امکان
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک کے پاکستان سپر لیگ کے آئندہ ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے کا امکان ہے۔ قومی کرکٹر فواد عالم نے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر چند تصاویر پوسٹ کی ہیں جن میں گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفراز احمد، مالک ندیم عمر اور شعیب ملک کو بات چیت میں مصروف دیکھا جا سکتا ہے۔ فواد عالم نے لکھا کہ سرفراز اور ندیم دونوں ہی ’سب سے موزوں نوجوان‘ ملک کو پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں کوئٹہ کی نمائندگی کرنے پر راضی کر رہے ہیں۔تجربہ کار آل راؤنڈر گزشتہ دو دہائیوں سے پاکستان کیلئے کھیل رہے ہیں اور اس وقت وہ واحد فعال کرکٹر ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 90 کی دہائی میں کیا۔شعیب نے پاکستان کیلئے متعدد فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ہے اور وہ اب بھی کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ کا حصہ ہیں۔ پاکستان سپر لیگ میں آل راؤنڈر ملتان سلطانز، کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی نمائندگی کر چکے ہیں۔