غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ دورانیہ 12گھنٹے سے بڑھ گیا سحرو افطار میں روزہ دار پریشان
شیخوپورہ+ مریدکے (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) شیخوپورہ، مریدکے، ساہیوال، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ڈسکہ اور کمالیہ سمیت متعدد شہروں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12گھنٹے سے تجاوز کر نے لگا، شہریوں کا جینا دوبھر ہو گیا جبکہ سحر اور افطار میں بھی بجلی غائب ہونے سے روزے دار بھی پریشان ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں شدید گرمی میں بجلی کی بندش کے باعث متعدد افراد و خواتین کے بیہوش ہونے کی بھی اطلاعات ملی ہیں ، بجلی کی ایک گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیدنگ نے کاروباری افراد کے کاروبار کو ختم کر دیا ہے۔ ادھر مریدکے میں سخت گرمی اور مچھروں کی بہتات نے زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ بجلی بار بار جانے سے رات کے وقت نیند پوری نہیں ہوتی ہے۔ ساہیوال میںبجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں دوبارہ اضافہ ہوگیا اور شہری علاقوں میں 2 گھنٹے تک اور دیہی علاقوں میںوقفہ وقفہ سے 6گھنٹے تک جاری ہے۔ میانوالی کے علاقے مندہ خیل، تحصیل عیسیٰ خیل میں بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ سے پینے کے پانی کی سپلائی بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ و گردونواح میںسوئی گیس اور بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے روزہ داروں کے لیے کھانوں کی تیاری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دریں اثنا ڈسکہ اور کمالیہ میں لوڈشیڈنگ شدت اختیار کرگئی دس سے 12 گھنٹے کی بجلی بندش سے شہری بلبلا اٹھے۔ شہریوں نے حکام سے لوڈ شیڈنگ کے خلاف نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ اعلیٰ حکام سے بجلی پوری کرنے کی استدعا ہے۔ شہری غیراعلانیہ ناقابلِ برداشت لوڈشیڈنگ پر احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
لوڈشیڈنگ