وزیراعظم کی ہدایت پر یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا چینی کی قیمتوں میں کمی‘ شناختی کارڈ لازمی
لاہور+اسلام آباد (کامرس رپورٹر+نمائندہ خصوصی) یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ملک بھر کے یوٹیلٹی سٹورز پر چینی اور آٹے کی قیمتوں میں بھی کمی کر دی گئی ہے۔ تاہم رعایتی اشیاء خریدنے کے لیے صارف کو اپنا شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہو گا۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق ملک بھر میں تمام سٹورز پر وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں آٹے اور چینی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق کر دیا گیا ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز پر چینی 85 روپے سے کم کر کے 70 روپے فی کلو کر دی گئی۔ رمضان سبسڈی کے تحت چینی کی فی کلو قیمت میں 15 روپے کمی کی گئی۔ ملک بھر کے یوٹیلٹی سٹورز پر چینی 70 روپے فی کلو فروحت شروع کردی گئی ہے۔ جبکہ آٹے کے 20 کلو تھیلے کی 800 روپے میں فروحت کی جارہی ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان ریلیف پیکج کے تحت 20 کلو آٹے کا تھیلا 950 روپے میں فروحت ہو رہا تھا۔ رمضان ریلیف پیکج کے تحت ملنے والی 19 اشیاء کی فروحت شناختی کارڈ سے منسلک کر دی گئی، سبسڈائزڈ اشیاء کی فروحت شناختی کارڈ کے بغیر بند کر دی گئی ہے۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق یو ایس سی کے ترجمان نے کہا ہے کہ رمضان سبسڈی کے تحت ایک کلوچینی کی قیمت 15 روپے کم کی گئی جس کے بعد چینی85 روپے سے کم کر کے70 روپے کلو کر دی گئی ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان ریلیف پیکج کے تحت 950 روپے کا ملنے والا 20 کلو آٹے کا تھیلا 800 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔