امریکی رکن کانگریس کی صدر‘ سپیکر اور وزیر مملکت خارجہ سے ملاقاتیں
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط خطے میں امن اور ترقی کو فروغ دیں گے، باہمی مفاد کے لیے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، دو طرفہ تبادلوں سے دونوں ممالک کے درمیان افہام و تفہیم میں بہتری آئے گی، مودی حکومت کی طرف سے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، بھارت مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ہے اور ان کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے۔ صدر مملکت نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو بھی اجاگر کیا۔ الہان عمر نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، انہوں نے اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہا۔ امریکی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین خوشگوار تعلقات علاقائی ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہیں۔ پارلیمانوں کے مابین روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کے مابین موجودہ تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین 75سال پر محیط دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ امریکی کانگریس کی مسلمان رکن الہان عمر کی وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ آمد پر ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے الہان عمر اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ ملا قات کے دوران وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ دو طرفہ مراسم ہیں۔ پاکستان، امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔ وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے مقبوضہ کشمیر میں، 5 اگست 2019 کے یکطرفہ بھارتی اقدامات کے بعد مظلوم کشمیریوں کی پرزور حمایت اور ان کے حق میں آواز اٹھانے پر الہان عمر کا شکریہ ادا کیا۔ ممتاز پاکستانی امریکن ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔
امریکی دفتر، ملاقات