ای سی ایل کا غیر ضروری استعمال، حکومت کا رولز ترامیم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)حکومت نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل)کا غیر ضروری استعمال روکنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مروجہ رولز میں ترامیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، وزارت قانون کی جانب جلد نوٹیفکیشن کے اجراء کا امکان ۔ذرائع وزارت قانون کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے ای سی ایل نے رولز میں ترمیم کی سفارش کردی ہے۔ نئے رولز کے تحت انتہائی ضروری ہونے پر ہی نام ای سی ایل میں شامل کیا جائیگا، ای سی ایل سے نام نکالنے کے کیسز نمٹانے کاوقت مقرر کرنیکی بھی تجویز سامنے آئی ہے۔ذرائع کے مطابق ای سی ایل سے نام نکالنے کے کیسز نمٹانے کا وقت مقرر کرنیکی تجویز کئی سال سے زیر التوا درخواستوں کے باعث دی گئی ہے۔ذرائع وزارت قانون ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد رولزمیں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔