• news

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 188 کا ، سونا 350 روپے تولہ مہنگا ، سٹاک مارکیٹ 209 پوائنٹ گرگئی 

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر  1 روپے 5 پیسے مہنگا ہو گیا۔ سٹاک مارکیٹ میں 290 پوائنٹس کمی کے ساتھ منفی رجحان دیکھا گیا۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز صبح کے اوقات کے دوران انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 1روپے 8پیسے اضافے سے 187روپے ہو گئی۔ بعد ازاں لین دین کے دوران 20 پیسے مزید بڑھنے پر ڈالر کا  ریٹ 187 روپے 20 پیسے پر پہنچ گیا۔ تاہم ٹریڈنگ کے اختتام پر 186 روپے 97 پیسے پر بند ہوا۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے ڈالر کی اونچی اڑان جاری ہے، 5 دن میں ڈالر کی قیمت میں 5 روپے 42 پیسے کا اضافہ ہو چکا ہے۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 80 پیسے اضافے سے 188 روپے پر فروخت ہوا۔ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ کے آغاز پر مثبت رجحان دیکھا گیا، 32 پوائنٹس اضافے سے 100 انڈیکس 45 ہزار 975 پوائنٹس کی سطح پر آگیا تاہم بعد ازاں 100 انڈیکس 209 پوائنٹس کمی کے ساتھ 45 ہزار 733 پوائنٹس کی سطح پر گر گیا۔ ٹریڈنگ کے اختتام پر 290 پوائنٹس کمی کے ساتھ 100 انڈیکس 45 ہزار 652 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں مزید 350 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 350 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 33 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قدر 300 روپے بڑھ کر 114455 روپے ہے جبکہ عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قدر 9 ڈالر کمی کے بعد 1945ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن