دورہ شمالی وزیرستان : دانش سکول ، میڈیکل کالج ، یونیورسٹی ،موبائل ہسپتال بنائیں گے : شہباز شریف
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، ہم ان کے مقروض ہیں، ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، حکومت مقامی آبادی کو سہولت پہنچانے اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم نے جمعرات کو شمالی وزیرستان کے دورہ کے دوران قبائلی عمائدین کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔ میران شاہ پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کا خیرمقدم کیا اور وزیراعظم کا علاقے کے پہلے دورہ پر شکریہ ادا کیا جس سے قبائلی اضلاع کے لئے وزیراعظم کی توجہ اور فکر کا اظہار ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے پرامن اور مستحکم پاکستان کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر ممکن تعاون پر قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے قبائلی عمائدین کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نقصان کی وجہ سے مقامی آبادی کو سہولت پہنچانے اور سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔ ہماری ترجیح پورے پاکستان کی طرح مقامی کمیونٹی کیلئے شہری سہولیات کو یقینی بنانا ہوگی۔ قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کو پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ جس طریقے سے آپ نے اپنے کندھوں پر اپنے پیاروں، اپنے بچوں، بزرگوں، مائوں، بہنوں، بیٹیوں کی نعشیں اٹھائیں یہ بڑی گراں قدر قربانیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف یہی نہیں، جب پاکستان معرض وجود میں آیا تو کشمیر میں بھی آپ کے آبا و اجداد نے، آپ کے بزرگوں نے بہت بڑی جنگ لڑی۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں یہ بات دل کی گہرائیوں سے کر رہا ہوں، جو بزرگ و جوان میرے سامنے بیٹھے ہیں، ان کی قربانیاں ہر حوالے سے تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مشران کو اسلام آباد بلا کر مسائل کا حل نکالیں گے، وزیرستان کے بچوں کیلئے دانش سکولز سسٹم بھی بنائیں گے۔ وزیراعظم نے شمالی وزیرستان میں یونیورسٹی بنانے کا بھی اعلان کیا۔ سول اور عسکری حکام کی جانب سے وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے علاقہ میں میڈیکل کالج اور موبائل ہسپتال بنانے کا بھی اعلان کیا۔ دریں اثناء وزیراعظم شہبازشریف 27 اپریل کو سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران عمرہ ادا کریں گے اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کریں گے۔ خیال رہے کہ وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ شہباز شریف کا پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔ قبل ازیں اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین سردار اختر مینگل نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزرا رانا ثناء اللہ اور خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سردار اختر مینگل نے وزیرِاعظم کے بلوچستان کی ترقی کو حکومت کی ترجیحات میں شامل کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان نہ صرف قدرتی وسائل سے مالامال ہے بلکہ بلوچ افرادی قوت ملک کا قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر بلوچستان کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھا کر بلوچ نوجوانوں کی قومی دھارے میں شمولیت یقینی بنائے گی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو دیئے گئے ریلیف پیکج پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح مہنگائی میں پسے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔ یہ بات انہوں نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی سندھ نے وزیراعظم کو سندھ کے انتظامی امور پر بھی بریفنگ دی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے بھی ملاقات کی موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ سندھ کے گائوں میہڑ میں آگ لگنے کے واقعہ پر وزیر اعظم نے افسوس کرتے ہوئے ابتدائی رپورٹ کے بعد مکمل تحقیقات کا بھی حکم دیدیا۔ جبکہ وزیراعظم کا کہنا تھا عوامی ریلیف کیلئے صوبے اور وفاق ملکر کام کریں گے۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ مزید برآں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ضلع دادو میں فیض محمد دریانی چانڈیو گاؤں میں آتشزدگی کے واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کی امداد کیلئے وفاقی حکومت نے ایک کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں جبکہ سانحہ کی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی گئی ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم وفات کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں افکار اقبال سے خصوصی رجوع کرنا چاہئے۔ جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افکار اقبال سے روشناسی اس لئے بھی ضروری ہے کیونکہ بطور قوم آگے بڑھنے کے لئے ہمیں اتحاد، ہم آہنگی اور یگانگت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے اقبال کا شعر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
فرد قائم ربط ملت سے ہے، تنہا کچھ نہیں
موج ہے دریا میں اور بیرون دریا کچھ نہیں
وزیراعظم شہباز شریف سے خالد حسین مگسی اور جام کمال خان کی قیادت میں بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے بھی ملاقات کی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر سردار اسرار ترین، سینیٹر انوار الحق، سینیٹر سرفراز احمد بگٹی، سینیٹر ثمینہ ممتاز، اراکین قومی اسمبلی احسان اللہ ریکی، روبینہ عرفان اور رکن صوبائی اسمبلی بلاول آفریدی شامل تھے۔ دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی کے عوام کے لئے بڑے تحفے کا اعلان کر دیا۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اورنج لائن کے ساتھ راولپنڈی صدر اور اسلام آباد سیکرٹریٹ کی طرف سے سفر کرنے والے میٹرو کو بھی منسلک کریں۔ ان ہدایات کی روشنی میں فیض احمد فیض بس سٹیشن پر ایک جنکشن تیار کیا جا رہا ہے جو پیر تک تیار ہو جائے گا جس کے بعد پیر کے دن سے راولپنڈی کے مسافر وزیراعظم کی ہدایات کے نتیجے میں ہوائی اڈے کے کنکشن کے ساتھ ساتھ اورنج لائن کے ذریعے گولڑہ اور نسٹ سے لنک بھی استعمال کر سکیں گے۔ مزید برآں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے رکن قومی اسمبلی امیر حیدر خان ہوتی اور ایمل اسفند یار نے ملاقات کی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور سابق رکن قومی اسمبلی حاجی غلام احمد بلور بھی شامل تھے۔ ملاقات میں شرکاء نے وزیر اعظم شہباز شریف کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس کے علاوہ موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔