• news

اماراتی وزیر خارجہ کا حنا ربانی کھر کو فون‘ برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات 

اسلام آباد (خصوصی  نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ)  متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کا وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر کو ٹیلیفون۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے منصب سنبھالنے پر وزیر مملکت برائے خارجہ، حنا ربانی کھر کو مبارکباد دی۔ وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے ٹیلیفونک رابطے پر اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ دوران گفتگو مشترکہ دلچسپی کے مختلف امور زیر بحث آئے۔ دونوں وزراء نے برادرانہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔ وزیر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر سے برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات‘ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان‘ برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے وزیر مملکت خارجہ امور نے صحت‘ تعلیم‘ گورنس  اور انسانی ترقی کے فروغ میں برطانوی کردار کو سراہا ترجمان کے مطابق حنا ربانی کھر نے بھارتی غیر قانونی قبضے والے کشمیر اور افغانستان کی صورتحال پر روشنی ڈالی اور یوکرائن بحران کے تسلسل کے معاشی اثرات پر شدید تشویش کا اظہار  کیا۔

ای پیپر-دی نیشن