واسا حکام کاظالمانہ اقدام ، صوبائی محتسب نوٹس لیں
مکرمی ! آپکے موقر اخبار کی وساطت سے صوبائی محتسب پنجاب کی توجہ واسا حکام کے ظلم اور زیادتی کی جانب مبذول کروانا چاہتا ہوں۔ واسا کی طرف سے ہر ماہ پانی کا ایک ماہ کے عرصہ کیلئے بل بھیجا جاتا ہے۔اور بل کا ایک ماہ کا دورانیہ ہمیشہ سے ہر ماہ کی 22 تاریخ سے اگلے ماہ کی 22 تاریخ تک ہو تا ہے۔ یہ ماہواربل بھی واسا والے ایڈوانس بھیجتے ہیں چنانچہ ماہ ِ مارچ 2022ء تک جو بل موصول ہوا وہ 22 فروری 2022ء سے 21 مارچ 2022ء تک کیلئے تھا اور اسی طرح معمول کیمطابق ادا بھی کردیاگیا۔ لیکن ماہ اپریل 2022ء کا جو بل واسا حکام کی طرف سے جاری کیا گیا ہے اس کا دورانیہ 22 مارچ سے 21 اپریل تک کے بجائے 5 مارچ 2022ء سے 5 اپریل 2022ء پر مشتمل ہے ۔ حالانکہ 5 مارچ 2022ء سے 21 مارچ تک تو بل کی ادائیگی گزشتہ ماہ کے بل میں ہی کردی گئی تھی ۔ اس طرح گویا واسا حکام نے خاموشی کے ساتھ 17 دنوں ( 5 مار چ سے 21 مارچ تک ) کا بل دوبارہ بھیج دیا اور اسکے پیسے دوبارہ وصول کر لیے ہیں۔یہ واسا کی صارفین کے ساتھ ظلم و زیادتی ہی نہیں بدمعاشی قراردی جاسکتی ہے کہ جو جور جبر کے ساتھ زبردستی ڈبل بل وصول کررہی ہے ۔جس کا کوئی جواز ہی نہیں ہے ۔ میری صوبائی محتسب پنجاب سے التماس ہے کہ اس صورت حال کا فوری نوٹس لیا جائے اور صارفین سے ڈبل بلنگ کا ازالہ کیاجائے ۔ تاکہ واسا اگلے ماہ پھر اسی طرح بل بھیجنے کی جسارت نہ کرسکے ۔ ( محمد ریاض ، ہاوس نمبر 308/1/18 ، ملتان روڈ ۔ہجویری ٹاون ، لاہور )