افغانستان میں ہزارہ برادری کو دہشتگرد نشانہ بنا رہے ہیں: ساجد علی نقوی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید سا جد علی نقوی نے کہاہے کہ افغانستان میں مسلسل ہزارہ برادری سمیت پرامن شہریوں کو دہشت گرد نشانہ بنارہے ہیں، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے بھر پور اقدامات کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کابل ہائی سکول میں ہونیوالی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں اور افغان عوام سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور بروقت امدادی سرگرمیاں شروع نہ ہونے اور رکاوٹوں بارے اطلاعات پر وضاحت کو ضروری قرار دیا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے سوئیڈن اور ہالینڈ میں پے درپے گستاخیاں کرنے اور اسلاموفوبیا کے حالیہ واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انتہاء پسندی جس بھی روپ میں ہو ،وہ نہ صرف قابل مذمت بلکہ قابل گرفت بھی ہے ۔ مغربی دنیا نے بار بار متوجہ کرنے کے باوجود گستاخانہ کارروائیوں کے خلاف اقدامات نہیں اٹھائے، جبکہ عالمی برادری اور خصوصاً امت مسلمہ میں اس حوالے سے تحرک موجود نہیں ہے ۔صرف اقوام متحدہ کی جانب سے اسلامو فوبیا کا دن مختص کرنے، عالمی برادری کی جانب سے اظہار افسوس یا مذمت ان مسائل کا حل نہیں ، دنیا میں قیام امن کیلئے باہمی احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی ، مقدس ہستیوں اور کتب کا احترام لازمی قرارد ے کر خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت ترین اقدامات کرنا ہوںگے ۔ علامہ ساجد نقوی نے سندھ کے ضلع دادو کے گائوں میہڑ میں ہونیوالی آتشزدگی بچوں سمیت کئی لوگوں کے انتقال ، جانوروں اور مالی نقصان پر بھی گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ متاثرین کی فی الفور امداد کی جائے اور اس سانحہ کی تحقیقات کی جائیں ۔