• news

پاکستان ، آئی ایم ایف مذاکرات شروع ، قرضہ پروگرام بحال ہونے کا امکان 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ مفتاح اسمعیل نے اپنی اکنامک  ٹیم کے ہمراہ آئی ایم ایف  کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ان کی معاونت وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا، سیکرٹری خزانہ اور  گورنر سٹیٹ بنک نے کی۔ اجلاس میں پاکستان کے قرضہ پروگرام  کے متعلق ایشوز پر بات چیت ہوئی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کی ٹیم نے آئی ایم ایف کے ای ڈی کو ان اقدامات کے بارے میں بتایا جو بجٹ کے خسارہ کو محدود کرنے، ایمنسٹی سکیم کی منسوخی اور انرجی کی لاگت کو پورا کرنے کے لئے اٹھائے جا  رہے ہیں۔ ان ذرائع نے بتایا ہے کہ بات چیت مثبت رہی ہے اور پاکستان کے لئے پروگرام کی بحالی کی باضابطہ  بات چیت اب آگے بڑھے گی  اور پروگرام بحال ہونے کا امکان روشن ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نقصان میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری تیز کرنے کی یقین دہانی چاہتا ہے۔ قرضہ پروگرام شروع ہونے کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ اٹلانٹک کونسل کے زیراہتمام پاکستان کے اقتصادی منظرنامہ کے حوالہ سے ایک مذاکرہ میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیرخزانہ کرونا وائرس  کی  عالمگیر وبا کے نتیجہ میں اقتصادی چیلنجوں، رسد میں عالمی رکاوٹوں اور پاکستان کی معیشت کے مسائل کے حل کیلئے نئی حکومت کے منصوبہ بارے شرکاء کو آگاہ کریں گے اور ان کے سوالوں کے جواب دیں گے۔ مفتاح اسماعیل نے واشنگٹن میں پاک امریکہ بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات کی جس میں پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر مسعود خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ مفتاح اسماعیل نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز کے وفد سے بھی ملاقات کی۔

ای پیپر-دی نیشن