• news

چند ہفتوں میں گورنر سٹیٹ بنک، چیئرمین ایف بی آر تبدیل ہوں گے: ذرائع

اسلام آباد (عترت جعفری) حکومت پاکستان آئندہ دو سے تین ہفتوں میں دو اہم عہدوں پر نئی تعیناتی کرے گی جن میں سے ایک گورنر سٹیٹ  بینک آف پاکستان اور دوسرے چیئرمین ایف بی آر کا منصب شامل ہے جن کو تبدیل کر دیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان کی میعاد 4مئی کو مکمل ہو رہی ہے۔ اور وہ اس وقت واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت کرنے والے وفد میں شامل ہیں اور اپنے منصب کا چارج  خاتون سینئر ڈپٹی گورنر کو سونپ گئے ہیں، جبکہ ان کے ہمراہ آنے والے ایک ڈپٹی گورنر مرتضیٰ شاہ بھی دو ماہ کی رخصت پر چلے گئے ہیں اور اسی مدت میں ان کا کنٹریکٹ بھی ختم ہو جائے گا، اس لئے ڈپٹی گورنر کے منصب پر بھی نئی تقرر ی کرنا پڑے گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ رضا باقر کو نئی میعاد دینے کا امکان نہیں ہے، اس کا اشارہ  وزیر دفاع  خواجہ آصف کے بیان میں موجود ہے جنہوں نے کہا کہ ہمیں ان کی مزید خدمات کی ضرورت نہیں۔ ان ذرائع نے بتایا ہے کہ نئے گورنر سٹیٹ بینک کے لئے سابق گورنر طارق باجوہ کا نام لیا جا رہا ہے جو پی ٹی آئی کی حکومت بننے کے بعد عہدے سے فارغ ہو گئے تھے، تاہم ان کی عمر کا ایک ایشو موجود ہے۔ وزارت خزانہ کے اندرونی ذرائع نے بتایا ہے کہ ایف بی آر کے چیئرمین کا متبادل بھی تلاش کیا جا رہا ہے۔ وزیر خزانہ کی لندن میں ملاقاتیں ہوئی ہیں جن میں سابق وزیر خزانہ سے ان پٹ لیا گیا ہے، وزیر خزانہ کی وطن واپسی کے بعد صورت حال واضح ہو جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن