عمران خان نے بنی گالہ روڈ بنانے کیلئے 30 لاکھ روپے ادا کئے تھے، سابق میئر
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سابق میئر شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان نے کروڑوں روپے کے تحائف فروخت کئے لیکن ذاتی سڑک کی تعمیر کے لئے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو صرف 30 لاکھ روپے ادائیگی کی تھی۔ گزشتہ روز ’’نوائے وقت‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سابق میئر کا کہنا تھاکہ وزیراعظم آفس کی جانب سے بنی گالا کی سڑک بنوانے کے لئے میئر آفس سے رابطہ کیا گیا تھا، میں نے کہا کہ یہ نجی پراپرٹی ہے اس لئے سی ڈی اے کے فنڈز یہاں خرچ نہیں کئے جا سکتے جس کے بعد لارپٹ روڑ بنانے کیلئے سی ڈی اے کو 30 لاکھ روپے ادا کئے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھاکہ 2019 میں وزیراعظم ہائوس سے ہدایات آئی تھیں کہ وزیراعظم کے گھر کی طرف جو سڑک ہے اور یہ مین روڈ سے ان کے گھر کی طرف جاتی ہے، اس کی مینٹینس کروا کر دیں۔ شیخ انصر عزیز کا کہنا تھاکہ عمران خان کا دیاگیا پے آرڈر ریکارڈ میں موجود ہے۔ شیخ انصر عزیز کا کہنا تھاکہ بنی گالا کی باقی سڑک میاں نواز شریف نے وزارت عظمی سنبھالنے کے بعد 2016 میں بنوائی تھی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور جلسے میں عمران خان نے کہا تھا کہ توشہ خانہ کے تحائف بیچ کر بنی گالا گھر کے باہر کی سڑک بنوائی تھی۔