امید ہے شہباز شریف افغانستان سے اچھے تعلقات آگے بڑھائیں گے: حامد کرزئی
کابل (نوائے وقت رپورٹ) سابق افغان صدر حامد کرزئی نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان میں نئی حکومت افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات کو آگے بڑھائے گی۔ برطانوی نشریاتی ادارے ’’بی بی سی‘‘ کو انٹرویو میں افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے کہا کہ میرے دور حکومت کے آخری سال میں میاں نواز شریف پاکستان کے وزیر اعظم تھے اور دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہوئے تھے۔ حامد کرزئی نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے، نواز شریف کے بھائی شہباز شریف جو پاکستان کے نئے وزیر اعظم بنے ہیں وہ بھی اسی راستے پر چلیں گے اور افغانستان سے اچھے تعلقات قائم کریں گے جس کے جواب میں افغان عوام بھی مثبت ردعمل دیں گے۔ سابق افغان صدر حامد کرزئی نے لڑکیوں کے سیکنڈری سکولوں کی بندش کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سکولوں کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا جب کہ تعلیمی اداروں پر دہشت گردوں کے حملے پر ان کا کہنا تھا کہ یہ افغانستان کی تعمیر اور ترقی پر حملہ تھا۔