سالک حسین ، جاوید لطیف آغا ، حسن وفاقی وزیر ، صدرعلوی نے حلف لیا
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی کابینہ میں توسیع کر دی گئی ہے اور مزید 4 وزیر کابینہ میں شامل کئے گئے ہیں جنہوں نے ایوان صدر میں منعقدہ ایک سادہ اور پروقار تقریب میں حلف اٹھایا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے تین نئے وفاقی وزرا اور ایک وزیر مملکت سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، سول و فوجی حکام، حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے رہنمائوں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ وفاقی کابینہ میں مسلم لیگ (ن) کے میاں جاوید لطیف، بی این پی مینگل کے آغا حسن بلوچ اور مسلم لیگ (ق) کے چوہدری سالک حسین کو وفاقی وزیر کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے جبکہ بی این پی کے محمد ہاشم نوتیزئی وزیر مملکت ہوں گے۔ اس سے قبل کابینہ کی تشکیل کے پہلے مرحلے میں 19 اپریل کو30 وفاقی وزرا اور تین وزرا مملکت نے حلف اٹھایا تھا۔ کابینہ میں پہلے ہی تین مشیروں کو بھی شامل کیا جا چکا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چوہدری شجاعت کو بیٹے سالک حسین کے وفاقی وزیر بننے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر چوہدری شجاعت کا کہنا تھاکہ بزرگوں نے جو درس دیا وہی نوجوانوں کو دیا ہے، رواداری اور وضع داری ہمارا شیوہ ہے، ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجز پر قابو پانا ترجیح ہے، (ق) لیگ کے دونوں وزراء ملکی سلامتی پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے جب کہ سالک حسین کو ہدایت کی ہے کہ تکبر اور منافقت سے بچیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری‘ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیق نے بھی چودھری شجاعت حسین کو ٹیلی فون کرکے چودھری سالک حسین کے وفاقی وزیر بننے پر مبارکباد دی اور ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی۔ آصف علی زرداری نے سالک حسین کو کابینہ میں شامل ہونے کی اجازت پر چودھری شجاعت حسین کا شکریہ ادا کیا۔