شہباز شریف کو صدر یورپی یونین کمشن کا فون ، تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جمعہ کو یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ یورپی کمیشن کی صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کو وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کمیشن کی پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے مبارکباد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ اقدار اور امن، خوشحالی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے مابین تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے جی ایس پی پلس انتظامات کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ ایک باہمی فائدہ مند سکیم ہونے کے ناطے اس نے پاکستان اور یورپی یونین کی تجارت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیر اعظم نے ارسلا وان ڈیر لیین کی یورپی یونین کمیشن کی خدمات کو سراہا اور باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے عزم پر زور دیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے یورپی کمیشن کی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو وسعت دینے، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کو تیز کرنے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے لئے رابطے میں رہنے اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں اشیاء ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں سے زیادہ پر فروخت اور فراہمی کے فقدان پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے وفاقی وزیر برائے صنعت اور وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی کو فوری طور پر بلوچستان پہنچنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اشیائے ضروریہ مقررکردہ سرکاری نرخ سے زیادہ پر فروخت کرنا ایک جرم ہے جس کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔