پرویز الٰہی‘ مونس سے شاہ محمود‘ شہر یار آفریدی کی ملاقات
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی اور زین قریشی سابق ایم این اے نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ، اظہر بخاری، انجینئر عامر شاہ، مصطفی، شاہ زیب اور سعید نذیر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر موجودہ ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے شاہ محمود قریشی کو لاہور میں کامیاب جلسہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پہلی بار ایسا دیکھنے میں آیا ہے کہ لوگ کئی کلومیٹر فاصلہ پیدل طے کر کے خود جوق در جوق جلسہ گاہ میں آ رہے تھے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے مل کر چلنے کا جو عہد کیا تھا وہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے، جی ڈی اے اور پاکستان مسلم لیگ ق دونوں اتحادی جماعتوں نے عمران خان کا مشکل وقت میں ساتھ دیا جسے تحریک انصاف قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔