اعتکاف‘داتا دربارسمیت مساجد کے سکیورٹی انتظامات مکمل
لاہور(وقائع نگار)لاہور پولیس نے اعتکاف کے حوالے سے مساجد کے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے۔داتا دربار کے چاروں راستوں پر سفید پارچات میں بھی پولیس کے جوانوں کے ڈیوٹیاں لگا دی گئیں ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان نے بتایا کہ داتا دربار،منہاج القرآن سمیت دیگرمساجد کو بھرپورسکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔شہرِ اعتکاف کی سکیورٹی پر 243 اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔معتکف حضرات کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا گیا۔ ڈویژنل ایس پیز منتظمین مساجد سے مسلسل رابطہ میں ہیں۔آخری عشرے میں پٹرولنگ ٹیموں کی مساجد کے اطراف متواتر گشت جاری رہے گی۔ آپ عبادت کریں، ہم حفاظت کریں گے۔خوشی ہے کہ امسال اعتکاف سے مسجدیں آباد ہو گئیں۔داتا دربار کے علاقے میں آنے والے زائرین کو سخت سکیورٹی کے بعد اندر جانے کی اجازت دی جائیگی۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے پورے علاقے کی مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے۔