سکلز فٹنس بہتر اچھا کھیل پیش کریں گے عمر بھٹہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشیا کپ کی تیاریوں کیلئے قومی ہاکی ٹیم دورہ یورپ کیلئے ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم روانہ ہوگئی۔پاکستانی ٹیم لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے گزشتہ صبح ایمسٹرڈم روانہ ہوئی، 20 رکنی قومی ٹیم کی قیادت عمر بھٹہ کر رہے ہیں۔دورہ یورپ میں پاکستانی ہاکی ٹیم ہالینڈ، بیلجیئم اور سپین کی ٹیموں کیساتھ چھ میچز کھیلے گی۔ ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم میں تین روز کا تربیتی کیمپ لگایا جائیگا۔قومی ٹیم 26 اور 27 اپریل کو ہالینڈ کیخلاف دو میچز کھیلے گی، دوسرے مرحلے میں ٹیم 28 اپریل کو بیلجیئم روانہ ہوگی اور 29 اپریل کو قومی ٹیم بیلجیئم کے خلاف میچ کھیلے گی۔ دورے کے آخری مرحلے میں قومی ٹیم سپین کیخلاف تین میچز کھیلے گی، 6 مئی کو وطن واپسی طے ہے۔یورپ روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ نے کہا کہ دورہ یورپ کو ایشیا کپ کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سکلز لیول کے ساتھ قومی ٹیم کا فٹنس لیول بھی پہلے سے بہتر ہوا ہے۔ ہیڈکوچ ایکمین نے دو ماہ تک ٹریننگ میں لڑکوں کو ماڈرن ہاکی کی ضروریات کے بارے میں بتایا ہے، یہ چیز سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ مدمقابل ٹیموں کو کس طرح قابو کیا جا سکتا ہے۔ غیر ملکی کوچز نے فٹنس سمیت بہت سی چیزوں کو بہتر کرنے کی کوشش کی ہے، ہالینڈ، بیلجیئم اور سپین کیخلاف میچز میں اچھی ہاکی دیکھنے کو ملے گی، لڑکوں میں ٹیلینٹ اور کچھ خاص کرنے کی امنگ ہے، اس وقت ہم سب کو انٹرنیشنل میچز کی بہت ضرورت ہے، جتنے میچز کھیلیں گے، اتنا ہی تجربہ ملے گا اور اعتماد میں اضافہ ہوگا۔اس وقت ٹیم میں سینئر کیساتھ زیادہ تعداد جونیئر لڑکوں کی ہے، یورپ میں دنیا کی بہتری ٹیموں کیساتھ میچز کھیلنے سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا اور ایشیا کپ سے پہلے سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے کیلئے ہمارے پاس وقت ہوگا۔ پاکستان کی رینکنگ اس وقت بہت نیچے ہے، اس کو اوپر لانے کیلئے وقت لگے گا، بطور کپتان خواہش ہے کہ پاکستان نہ صرف ایشیا کپ جیتے بلکہ ایشین گیمز میں بھی گولڈ میڈل حاصل کرے۔