• news

شمالی وزیرستان ، سرحد پار سے حملہ ، 3 جوان شہید ، پاکستان کا بھر پور جواب 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دیواگر میں دہشت گردوں نے بین الاقوامی سرحد کے پار افغان علاقے سے پاکستانی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستانی اہلکاروں نے فائرنگ کا بھر پور جواب دیا اور قابل اعتماد خفیہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی فوجی جوانوں کی فائرنگ سے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران حوالدار تیمور (جہلم، عمر 30 سال)، نائیک شعیب (ساکن اٹک، عمر 38 سال) اور سپاہی ثاقب نواز (عمر 24 سال سکنہ سیالکوٹ) نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے ملک میں حملوں کیلئے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے اور توقع رکھتا ہے کہ افغانستان حکومت مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کو روکے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج دہشت گردی سے ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے پْر عزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے دیواگر، شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر سرحد پار سے دہشتگرد حملے کی سخت مذمّت کی ہے۔ انہوں نے دہشتگرد حملے کے نتیجے میں شہادت پانے والے بہادر جوانوں حوالدار تیمور، نائیک شعیب اور سپاہی ثاقب کے بلندی درجات کیلئے دعا کی اور مادر وطن کے دفاع کے دوران زخمی ہونے والے جوانوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کی دعا کی۔ وزیراعظم نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور ملک میں امن، استحکام کیلئے سیکیورٹی فورسز کے عزم کو سراہا، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے افغانستان کے علاقے سے پاکستانی سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے دہشت گردوں کی فائرنگ سے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پار سے دہشتگرد کارروائی کی پر زور مذمت کرتے ہیں ایسے واقعات ناقابل قبول ہیں، روک تھام کیلئے فوری اقدامات لینے کی ضرورت ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وطن کی خاطر جان دینے والے سکیورٹی فورسز اہلکاروں کو سلام اورخراج تحسین پیش کرتا ہوں شہید ہونے والے حوالدار تیمور، نائیک شعیب اور سپاہی ثاقب نوازکے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وطن کی حفاظت کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے انہوں نے کہا کہ ہماری افواج اور سیکیورٹی فورسز سرحدوں کی سیکیورٹی مؤثر بنائے ہوئے ہیں، سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح آج بھی ہماری فورسز نے سرحد پار دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا اس واقعہ میں شہید ہونے والے جوانوں کے بلند درجات کے لئے دعاگو ہیں۔ دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے ضلع دیواگر کے عمومی علاقے میں پاکستانی فوجیوں پر فائرنگ کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے دہشتگرودوں کو فوجیوں نے مناسب انداز میں جواب دیا۔

ای پیپر-دی نیشن