• news

وزیراعظم کی پرسوں سعودیہ روانگی فضل الرحمن، مریم نواز ہمراہ ہوں گے محسن داوڑ کا جانا کھٹائی میں پڑ گیا

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف  27 اپریل کو سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ اس موقع پر سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اور نائب صدر ن لیگ مریم نواز بھی ان کے ہمراہ ہوں گی۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز عمرہ ادائیگی بھی کریں گے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم دورے کے دوران عمرہ ادا کریں گے اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کریں گے۔ واضح  رہے کہ وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ شہباز شریف کا پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔ ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نہ نکلنے پر رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کا وزیراعظم  شہباز شریف کے ساتھ دورہ سعودی عرب کھٹائی میں پڑگیا۔ ذرائع کے مطابق محسن داوڑ کا نام نئی پالیسی کی روشنی میں ای سی ایل سے نہیں نکالا گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ محسن داوڑ کو وزیراعظم کے ساتھ سعودی عرب  جانے کے لیے سیکرٹری داخلہ کی اجازت درکار ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں محسن داوڑ کا کہنا تھا کہ مجھے وزیراعظم کے ساتھ سعودی عرب جانے کی دعوت دی گئی تھی تاہم  میری اطلاع کے مطابق میرا نام تاحال ای سی ایل  پر موجود ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان سے آزاد ایم این اے اسلم بھوتانی کو عمرہ کی ادائیگی کیلئے ساتھ جانے کی دعوت دی۔ اسلم بھوتانی نے صحت کی خرابی کے باعث وزیراعظم سے معذرت کرلی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن