• news

سینئر بیوروکریٹ احد چیمہ ملازمت سے مستعفی‘ وزیراعظم کی پیشکش پر معذرت

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سینئر بیوروکریٹ گریڈ بیس کے پی اے ایس افسر احد چیمہ نے ملازمت سے استعفیٰ دے دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ابھی تک احد چیمہ کا استعفیٰ منظور نہیں کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احد چیمہ کو متعدد مقدمات میں گرفتار کیا گیا لیکن کچھ ثابت نہ ہو سکا۔ احد چیمہ کے خاندان کی خواتین کو بھی ہراساں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق احد چیمہ مسلم لیگ ن کے گزشتہ دور میں میٹرو بس اور اورنج ٹرین منصوبوں کے روح رواں رہے اور پنجاب میں نجی بجلی گھر لگانے کے منصوبوں میں بھی احد چیمہ کا کردار رہا۔ خیال رہے کہ  نیب نے 21 فروری 2018ء کو کارروائی کرتے ہوئے احد چیمہ کو گرفتار کیا تھا۔ ان کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے، آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی اور ایل ڈی اے سٹی کیس کی تحقیقات کی جا رہی تھیں تاہم کوئی ثبوت نہ ملنے کے بعد وہ گذشتہ سال اپریل میں لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد رہا ہو گئے۔ احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے انہیں معطل کر دیا تھا۔ بعد ازاں  اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے انہیں انکوائری میں لگائے گئے الزامات سے بری کر کے  گریڈ 20 میں ترقی دے دی تھی۔ دوسری طرف وزیراعظم سے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کی اسلام آباد ملاقات ہوئی ہے، شہباز شریف نے اہم عہدہ دینے کی پیشکش کی۔ احد چیمہ نے کسی بھی عہدے پر تعینات ہونے سے معذرت کرتے ہوئے سروس سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ ذرائع کے مطابق احد خان چیمہ کا کہنا تھا کہ میں سروس سے مستعفی ہو رہا ہوں، میں اب سروس میں کسی بھی عہدے پر تعینات نہیں ہونا چاہتا، مجھ پر غلط اور بے بنیاد الزامات عائد کئے لیکن کچھ بھی ثابت نہ ہو سکا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام تر تحقیقات کے بعد کلئیر کر دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چاہتا ہوں کسی اہم عہدے پر تعینات کر کے آپ سے کام لیا جائے، آپ جیسے قابل ایماندار اور زبردست افسران کی شدید کمی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن