• news

اسد قیصر کا سراج الحق کو فون ، ملکر حکمت عملی بنانے کا فیصلہ 

اسلام آباد‘ لاہور (نامہ نگار‘ خصوصی نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں امریکی مداخلت کے حوالے سے جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر حکمت عملی بنانے پر غور کیا جائے۔ اس حوالے سے سابق سپیکر اسد قیصر اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق جلد ملاقات کریں گے۔ اسد قیصر کا امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اتوار کو سابق سپیکر کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے موجودہ حکومت کے خلاف مل کر حکمت عملی بنانے پر غورکیا، دونوں رہنمائوں کے درمیان یہ رابطہ باہمی ملاقات کے لئے ہوا ہے، سابق سپیکر اسد قیصر اور سراج الحق جلد ملاقات کریں گے، جس میں ملک میں امریکی مداخلت کے حوالے سے تحریک انصاف اور جماعت اسلامی مل کر حکمت عملی بنانے پر غورکریں گے۔ دریں اثناء لاہور میں اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پنجاب کے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہے کہ طلباء یونین جمہوریت کی نرسری ہے جس پر غیر آئینی پابندی کو مسترد کرتے ہیں، رب العالمین کے نظام سے ہی عالمی مالیاتی نظام کو شکست دی جا سکتی ہے۔ سودی نظام اور ترقی کسی ملک میں اکٹھے نہیں چل سکتے۔ عوام کو نور ایمان، قرآن اور محبت سے دلوں کو آباد کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک سے جہالت، ظلم اور غربت اسلامی نظام کے بغیر دور نہیں ہو سکتے۔ تعلیمی اداروں میں موجود نئی نسل اسلام پسند اور باشعور ہے، ملک کا مستقبل روشن ہے۔ ایوان سے لیکر عام عوام تک گالی گلوچ کے کلچر سے دلیل کی جگہ پر بدزبانی اور بدتہذیبی کو فروغ ملا ہے۔ یونیورسٹی کے طلبا اور طالبات کو عدم برداشت کے اس کلچر کے خلاف جدوجہد کرنا ہو گی تاکہ سوشل میڈیا سمیت ہماری سوسائٹی میں تصادم کی بجائے ڈائیلاگ کا کلچر فروغ پائے۔ طلبا یونین پر پابندی غیر آئینی اور غیر جمہوری ہے، حکومت فوری طور پر طلباء کے آئینی اور جمہوری حق کو تسلیم کرتے ہوئے یونین کی بحالی کا اعلان کرے۔ آئندہ بجٹ میں تعلیم کو ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے پانچ فیصد بجٹ مختص کیا جائے۔ جماعت اسلامی بہترین آپشن ہے جو ملکی حالات کو بہتر کرنے کا ویژن اور ٹیم رکھتی ہے۔ اس موقع پر قیصر شریف ‘ شکیل احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن