• news

بلاول نوازشریف سے 10 سیٹوں کی بھیک مانگنے لندن گئے: شاہ محمود

 ملتان، ٹاٹیپور (نمائندہ نوائے وقت، نامہ نگار) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وزارت سے مستعفی ہونے کے بعد اپنے صاحبزادے مخدوم زادہ زین حسین قریشی کے ہمراہ گزشتہ روز ملتان پہنچنے۔ پی ٹی آئی کارکنوں‘ اکابرین شہر‘ سول سوسائٹی کے عہدیداروں این اے 156اور این اے 157 کے سپورٹرز نے ان کا خیر مقدم کیا۔ شاہ محمود قریشی نے خطاب میں کہا کہ پاکستان بچانے نکلے ہیں، عمران خان ہی ملک کو بچا سکتے ہیں۔ ملک میں ایک نئی تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے۔ جس جماعت کو اقتدار سے باہر نکالا گیا ہے عوام میں اس کو بھر پور پذیرائی مل رہی ہے۔ اس کا والہانہ استقبال ہو رہا ہے۔ ہم نے غیر ملکی سازش کو بے نقاب کیا۔ ملتان کے اراکین صوبائی اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ جنہوں نے نوٹو ں کو ٹھوکر مار کر عمران خان کا ساتھ نبھانے کا فیصلہ کیا۔ ہم نے منحرف اراکین کے خلاف صدارتی ریفرنس بھیجا ہے منحرف اراکین تاحیات نا اہل ہونگے۔ انہوں نے کہا امپورٹڈ حکومت عوام کو نامنظور ہے۔ مک مکا ہوا‘ کابینہ بنی‘ مجھے اندر کے تمام راز معلوم ہیں۔ میں سوال کرتا ہوں جو زرادری کا پیٹ پھاڑ کر لوٹی ہوئی دولت واپس لینے کا دعویٰ کر رہے تھے وہ لوگ اب زرداری کے ساتھ شیر و شکر ہیں۔ بلاول بھٹو نواز شریف سے لندن میں 10 سیٹوں کی بھیک مانگنے گئے ہیں۔ عید کے بعد عمران خان ملتان میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ 27  رمضان کی شب دعا کے طور پر منائی جائیگی۔ ہر ضلع میں سکرینیں لگائی جائیں گی جس میں عوام شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا میں ملتان کی عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو روزے کے بعد شدید گرمی میں میرے استقبال کیلئے تشریف لائے ۔

ای پیپر-دی نیشن