مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس یکم کو طلب عیدالفطر منگل 3 مئی کو ہو گی: ماہر فلکیات
کراچی+ لاہور (این این آئی+ نیٹ نیوز) شوال کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت یکم مئی کو اسلام آباد میں ہوگا، جس میں شوال کے چاند کی رویت سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں منعقد کئے جائیں گے۔ دوسری جانب ماہرین فلکیات نے پاکستان میں عیدالفطر منگل تین مئی کو ہونے کی پیش گوئی کر دی اور کہا کہ اتوار کی شام ملک کے کسی بھی علاقے میں چاند دکھائی دینے کا کوئی امکان نہیں۔ نیا چاند 30 اپریل اور یکم مئی کی درمیانی رات پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق ایک بج کر 28 منٹ پر پیدا ہو گا۔ اتوار یکم مئی کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 18 گھنٹوں سے کم ہو گی۔