وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب‘ شہباز نواز خاندان‘ بلاول‘ فضل الرحمن‘ اختر مینگل خالد مقبول‘ طاہر اشرفی 74 رکنی وفد کا حصہ
اسلام آباد (رپورٹ: عبدالستار چودھری) وزیراعظم شہباز شریف 74 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 28 سے 30 اپریل کو ہونے والے اس دورے کے دوران عمرہ کی ادائیگی کے علاوہ سعودی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ان ملاقاتوں میں موخر ادائیگیوں پر تیل کی فراہمی میں مزید معاونت، ڈائریکٹ بجٹ گرانٹ کی فراہمی کے علاوہ گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام میں معاونت پر بات چیت کا بھی امکان ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کو سعودی عرب کا ویزا جاری کئے جانے کا امکان ہے جس کے بعد میاں نوازشریف بھی سعودی عرب پہنچیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے اس دورے میں وزیراعظم کی فیملی کے علاوہ حکومتی اتحادی جماعتوں کے سربراہان، وفاقی وزرائ، ارکان قومی اسمبلی اور وزیراعظم کے سٹاف کے ارکان بھی وفد میں شامل ہیں۔ وزیراعظم کے صاحبزادے حمزہ شہباز شریف، ان کی اہلیہ، بیٹی سمیعہ حمزہ شہباز، ملازمہ نسرین، کیپٹن صفدر، مریم نواز شریف، صبیحہ عباس شریف، یوسف عباس شریف اور ان کی اہلیہ، ان کے بیٹے عمامہ یوسف عباس اسلام آباد سے جدہ روانہ ہوں گے جبکہ وزیراعظم کے دوسرے صاحبزادے سلیمان شہباز، ان کی اہلیہ، بیٹا حیدر سلیمان، ملازمہ عاصمہ دوحا سے جدہ پہنچیں گے۔ لندن سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز اور ان کی اہلیہ بھی وزیراعظم کے دورے میں شامل ہوں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے دیگر اہلخانہ میں علی یوسف عزیز، اہلیہ جویریہ علی، بیٹیاں ماریہ علی، سارہ علی، بیٹا علی عباس، محمد ہارون یوسف عزیز، مسز عائشہ ہارون یوسف، مریم ہارون، محمد عمران علی، رابعہ عمران علی بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔ وزیراعظم کے قریبی ساتھی احد چیمہ، اہلیہ احد چیمہ، کرنل عمران، اہلیہ کرنل عمران، مراد خان، اہلیہ مراد خان، بدر شہباز، ذوالفقار علی، فضل الرحمن، عدیل عباسی، فرحت ڈرائیور بھی وفد میں شامل ہیں۔ حکومتی اتحادی جماعتوں کے سربراہان میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، چیئرمین پیلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل، بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ سردار خالد مگسی، متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عوامی نیشنل پارٹی کے رکن قومی اسمبلی امیر حیدر ہوتی، جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی، رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی، رکن قومی اسمبلی علی نواز شاہ، رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر مالک بلوچ، جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ شاہ اویس نورانی، سابق وزیر اعظم کے مشیر حافظ محمد طاہر اشرفی، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، چیف آف سٹیٹ پروٹوکول علی حیدر الطاف، ملٹری سیکرٹری بریگیڈئر محمد احمد، وزیراعظم کے ذاتی عملے کے ارکان سمیر احمد شاہ، لیفٹیننٹ کمانڈر بلال احمد راجہ ضیاء الحق، ایس پی محظور علی غوری بھی وفد میں شامل ہوں گے۔ سٹاف کے دیگر ارکان میں ڈپٹی چیف آف سٹیٹ پروٹوکول عدیل احمد خان، پی آر او عبدالرشید شاکر، اسسٹنٹ پروٹوکول آفیسرز محسن علی محمود اور علی رضا کے علاوہ وزیراعظم کی سکیورٹی ٹیم کے پانچ ارکان اور میڈیا ٹیم کے چار ارکان بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔