سیزن 22-2021 میں 3822 کلبز کے مابین 7009 میچز کھیلے گئے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیزن 22-2021 میں بھی چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ترقی اور فروغ کی معاونت کے لیے بھرپور اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا۔حالیہ مکمل ہونے والے سیزن میں چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز نے پی سی بی کے اشتراک سے مجموعی طور پر 7009 میچز منعقد کروائے۔ ان میچز میں چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے کل 3822 کرکٹ کلبز نے شرکت کی۔اس دوران تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز نے اپنی اپنی کرکٹ لیگز منعقد کروائیں، جو اکتوبر 2021 سے فروری 2022 کے درمیان کھیلی گئیں۔ان لیگز کا مقصد دیہی اور شہری علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو ایک واضح نظام کے تحت ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کے مواقع فراہم کرنا تھا اس ضمن میں خیبر پختونوخواہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار سب سے بہترین رہے، جہاں 13 نومبر 2021 سے 20 جنوری 2022 تک کھیلی جانے والی کرکٹ لیگ میں 844 کلبز کے مابین 1530 میچز کھیلے گئے۔سینٹرل پنجاب اور سندھ میں کھیلی گئی کرکٹ لیگز میں بالترتیب 788 اور 670 کرکٹ کلبز نے شرکت کی۔ ان کلبز کے مابین سینٹرل پنجاب میں 1482 جبکہ سندھ میں 1172 میچز کھیلے گئے۔سدرن پنجاب میں کھیلے گئے 1100 میچز میں 517 کلبز نے شرکت کی۔بلوچستان اور ناردرن میں 512 اور 491 کرکٹ کلبز میں بالترتیب 700 اور 1025 میچز کھیلے گئے۔بلوچستان، سینٹرل پنجاب، ناردرن، سندھ اور سدرن پنجاب میں کرکٹ لیگز 20 اکتوبر 2021 سے شروع ہوئی تھیں۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کلب کرکٹ کا کردار بہت اہم ہے لہٰذا انہوں نے چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز میں گراس روٹ کرکٹ کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ ان میچز کے انعقاد کو یقینی بنانے پر تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ پی سی بی آئندہ بھی نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو کرکٹ کھیلنے کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے لئے تمام چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کا خواہشمند ہے۔کلب کی سطح پر کھیل کی ترقی کے لئے پی سی بی آئندہ چند ماہ سکروٹنی کا ایک آزاد عمل جاری رکھنے کا اعلان کرچکا ہے اس کے علاوہ خیبر پختونوخواہ، سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب میں اسکول کرکٹ لیگز کے انعقاد کے ذریعے اسکول کے بچوں کو بھی کھیل کے دھارے میں لانے کی کوشش کی گئی ہے۔اس سلسلے میں صرف خیبر پختونخواہ میں اسکولز کی 300 ٹیموں نے شرکت کی۔ 7 اکتوبر سے 8 نومبر تک جاری رہنے والی اس لیگ میں 565 میچز کھیلے گئے۔سدرن پنجاب اسکولز لیگ میں 184 ٹیموں کے مابین 295 میچز کھیلے گئے۔ یہ ٹورنامنٹ 15 نومبر 2021 سے 5 جنوری 2022 تک جاری رہی۔سینٹرل پنجاب کی اسکولز لیگ میں 162 اسکولز کے درمیان اب تک 458 میچز کھیلے جاچکے ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ اب بھی جاری ہے۔ چند روز قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سینٹرل پنجاب ویک اینڈ اسکولز چیمپئن 22-2021 کے فائنل میں دار ارقم نے ڈویژنل پبلک اسکول فیصل آباد کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا۔