امر یکا اور نیٹو نے افغانستان میں تباہی اور قتل عام کے سوا کچھ نہیں دیا: ایرانی صدر
تہران+ بیجنگ (اے پی پی+ شِنہوا) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ امریکا اور نیٹو نے افغانستان میں تباہی اور قتل عام کے سوا کچھ نہیں دیا۔ جبکہ چین نے کہا ہے کہ امریکہ جمہوریت اور انسانی حقوق کے بارے میں بات کرنے سے پہلے فوری طور پر افغانستان کے مرکزی بنک کے غیر قانونی طور پر منجمد کردہ اثاثوں کوبحال کرے۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی ایوان صدر کی ویب سائٹ کے مطابق ایران میں لیٹویا کے سفیر کے ساتھ ملاقات میں ایرانی صدر نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ تمام ممالک کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کی حمایت کی ہے۔ ادھر وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے ان خیالات کا اظہار باقاعدہ نیوز بریفنگ میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے 14 ماہرین کے جاری کردہ بیان کے حوالے سے کیا۔ بیان میں امریکی حکومت پر الزام لگایا گیا تھا کہ اس نے اربوں ڈالر کے افغان اثاثے منجمد کر کے افغان خواتین کی زندگیوں کو بدتربنادیا ہے۔ وانگ نے کہا کہ افغانستان پر 20 سالہ امریکی قبضے کے دوران ایک ملک کو تباہ اور ایک نسل کے مستقبل کو برباد کیا۔