• news

فیول ایڈجسٹمنٹ: بجلی2.86روپے یونٹ مہنگی‘ لوڈ شیڈنگ پر نیپرا کا اظہار برہمی

اسلام آباد (نامہ نگار) نیشنل الیکٹرک ریگو لیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی 2روپے 86پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے اور کراچی کے صارفین کے لئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4روپے 83پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ میں اضافے پر چیئرمین نیپرا نے نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے حکام پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئی بجلی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا کو بجلی 3روپے 15پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، جس سے بجلی صارفین پر 28ارب 90کروڑ روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔ نیپرا حکام کے مطابق مارچ میں مقامی کوئلے، گیس اور ایل این جی سے بجلی کم پیدا کی گئی، میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 35کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔ ایل این جی کی قلت کے باعث 34کروڑ روپے سے زائد اور بہتر صلاحیت والے پلانٹس نہ چلانے سے 90لاکھ روپے کا بوجھ پڑا۔ سی پی پی اے حکام کے مطابق بعض پاور پلانٹس کی بندش سے فرنس آئل والے پلانٹس چلائے گئے۔ سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق مارچ کے مہینے میں 10ارب یونٹ بجلی پیدا ہوئی اور بجلی کی پیداواری لاگت 94ارب روپے رہی، نیپرا کی سماعت کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ چیئرمین نیپرا نے استفسار کیا کہ کیا وجہ ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے؟۔ نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے حکام نے جواب دیا کہ گرمی زیادہ بڑھ گئی ہے۔ نیپرا حکام نے استفسار کیا کہ پاور پلانٹس کے لیے فیول کا انتظام کیوں نہیں کیا گیا؟۔ نیشنل پاور کنٹرول سینٹر (این پی سی سی) کے حکام نے جواب دیا کہ گرمی بڑھنے سے بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا۔ چیئرمین نیپرا نے کہا کہ یہ کوئی جواز نہیں، دنیا اتنی ترقی کر گئی ہے، 3ماہ بعد کے موسم کی پیشگوئی بھی آج با آسانی مل جاتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن