کال دوں تو 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں ، چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوں : عمران
لاہور (نیوز رپورٹر) عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا بوٹ پالش اور چیری بلاسم کے ذریعے ہمیں کنٹرول کرے گا۔ چاہتا ہوں جب کال دوں کم از کم 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں۔ ایوان اقبال میں ورکرز کنونشن سے عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی چوری بچانے کیلئے پورے ملک کو غلام بنا دیں گے، ملک پر سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی، امپورٹڈ حکومت سے امریکا ہمیں فتح کیے بغیر کنٹرول کرے گا، امریکا بوٹ پالش اور چیری بلاسم کے ذریعے ہمیں کنٹرول کرے گا، امریکا کی جنگ میں ہمارے 80 ہزار افراد مارے گئے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بہترین حکمت عملی کے ذریعے کرونا کا مقابلہ کیا۔ مشرف دور میں بیرونی قرض 2 یا 3 ارب ڈالر بڑھا، ان کے دور میں 50 ہزار ارب ڈالر بیرونی قرضے میں اضافہ ہوا۔ شہباز شریف پر ایف آئی اے میں کرپشن کے کیسز ہیں۔ مشرف نے امریکا کے دباؤ میں انہیں این آر او دیا۔ یہ این آر او ٹو لیں گے تو انصاف کے نظام کی قبر کھودی جائے گی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ سنبھالتے ہی ایف آئی اے میں تبادلے کیے، شہباز شریف اب اپنے کیسز ختم کرائیں گے، یہ صفائی کر کے پھر سے لوٹ مار شروع کریں گے۔ نیب، عدالتیں صرف چھوٹے چھوٹے چوروں کو پکڑیں گی، طاقتور چوروں کو ہمارا نظام نہیں پکڑ سکے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے سازش تیار کی جاتی ہے، پھر مداخلت ہوتی ہے، 30 سال یہ ملک پر حکمرانی کرتے رہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر راجہ سلطان ن لیگ کا ایجنٹ ہے، یہ اکیلا فیصلے کرتا ہے اور اس کے سارے فیصلے پی ٹی آئی کے خلاف ہوتے ہیں۔ ہم کہتے ہیں کہ بڑی تینوں جماعتوں کے کیس اکٹھے سنے جائیں، کیوں یہ باقی دو بڑی جماعتوں کے کیس نہیں سنتے، چیف الیکشن کمشنر کو عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں، استعفیٰ دینا چاہیے۔ عمران خان کی زیرصدارت پنجاب کی سیاسی صورتحال پر اجلاس ہوا۔ عثمان بزدار‘ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ‘ محمود الرشید‘ سبطین خان‘ شفقت محمود نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے سیاسی بحران پر مشاورت کی گئی۔ عثمان بزدار کے بطور وزیراعلیٰ متحرک کردار ادا کرنے پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق عثمان بزدار صوبائی امور چلانے میں اہم کردار ادا کریں۔ عمران خان سے عثمان بزدار اور مونس الٰہی نے ملاقات کی۔ صوبے کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔