• news

بلاول کم عمر ترین وزیر خارجہ بن گئے ، چینی سفارتخانے کا دورہ 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری  نے وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا، ان کو وزارت خارجہ کا قلم دان سونپا گیا ہے، بلاول بھٹو زرداری سے سے صدر مملکت عارف علوی نے حلف لیا، بلاول بھٹو زرداری کی حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم میاں شہباز شریف، سابق  صدر پی پی پی پی آصف علی زرداری اور بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور صنم  بھٹو، سپیکر قومی  اسمبلی راجا پرویز اشرف، وفاقی  کابینہ کے ارکان اور دوسرے افراد موجود تھے، بلاول بھٹو زرداری نے جیسے ہی حلف لیا، مہمانوں سے بھرا ہال جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا، اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری جب حلف اٹھانے کے لئے ایوان صدر پہنچے تو ان کے ہمراہ سابق صدر آصف علی زرداری، آصفہ بھٹو زرداری اور صنم بھٹو بھی تھے، بلاول بھٹو زرداری نے کچھ دیر تک صدر مملکت سے خیر سگالی ملاقات بھی کی، بلاول بھٹو حلف اٹھانے کے فوری بعد دفتر خارجہ گئے اور اپنے منصب کا چارج سنبھال لیا، بلاول بھٹو زرداری نے 33 برس، سات ماہ اور چھ دن کی عمر میں حلف اٹھا کر پاکستان کے کم عمر ترین وزیرخارجہ بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بطور وزیر خارجہ حلف اٹھانے کے وقت عمر 35 برس، پانچ ماہ اور 10 دن تھی۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بلاول بھٹو زرداری کو وزیر خارجہ کا اہم قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا وزیر خارجہ بننا متحدہ اپوزیشن اور پارٹی کا ان پر اعتماد کا مظہر ہے۔ دریں اثناء وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری چینی سفارت خانہ گئے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیر مملکت حنا ربانی کھر بھی  تھیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں چینی باشندوں پر دہشت گردی کے حملے میں جانی نقصان پر چینی حکام سے اظہار افسوس کیا، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  پاکستان اور چین کا رشتہ نسل در نسل وفاؤں کا ایک سلسلہ ہے،  دہشت گردوں نے پاک چین دوستی کی اساس پر ضرب لگانے کی ایک ناکام کوشش کی، دہشت گردوں کے مذموم ارادے، پاک چین دوستی کو سبوتاژ نہیں کرسکتے،  وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چینی سفارت خانے میں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔فضل الرحمن نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو فون کیا اور ان کو کم عمر ترین وزیر خارجہ بننے پر مبارکباد دی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سابق گورنر سندھ عشرت العباد نے بھی فون کیا۔بلاول بھٹو کو ایرانی ہم منصب عبداللیمان نے ٹیلی فون کیا اور وزارت خارجہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارک باد دی۔

ای پیپر-دی نیشن