• news

گورنر یا ان کا نمائندہ آج حمزہ سے حلف لیں : چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ نیوز رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی بطور وزیر اعلی حلف برداری کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا گیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے حمزہ شہباز کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ فیصلہ میں کہا گیا کہ گورنر پنجاب کل حمزہ شہباز کا حلف لیں یا کسی اور کو نامزد کریں۔ صدر مملکت بھی آئین کے تحت حلف کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ عثمان بزدار کے بعد پنجاب 25 روز سے بغیر وزیراعلی چل رہا ہے۔ حلف میں رکاوٹیں ختم کرنے کیلئے متبادل حل بھی دیا گیا ہے۔ حکومت بنانے کے آئین کے آرٹیکل کہتے ہیں کہ حلف جلد ہونا چاہئے۔ تحریری فیصلہ میں کہا گیا کہ آئین فوری طور پر وفاقی یا صوبائی حکومت بنانے کی تجویز دیتا ہے۔ متعلقہ صورتحال کے مطابق صدر یا گورنر فوری حلف لینے کے آئینی طور پر پابند ہیں۔ گورنر یا صدر وزیر اعلی یا وزیراعظم سے حلف لینے میں تاخیر پیدا کرنے کے مجاز نہیں۔ آئین میں ایسی تاخیر پیدا کرنے کی کوئی گنجائش نہیں دی گئی۔ پنجاب گزشتہ 25 روز سے بغیر حکومت کے چل رہا ہے۔ نئے منتخب وزیر اعلی حمزہ شہباز کے حلف میں مختلف وجوہات کی بنائ￿ پر تاخیر کی جا رہی ہے۔ ایسی تاخیر جمہوری روایات اور آئینی سکیم کے خلاف ہے۔ عدالت گورنر پنجاب کو نئے وزیر سے حلف لینے کا مشورہ دیتی ہے۔ عدالت کا مشورہ ہے کہ گورنر پنجاب خود یا کسی نمائندے کے ذریعے نئے وزیر اعلی سے حلف لیں۔ عدالت کا مشورہ ہے کہ گورنر نئے وزیر اعلی کا حلف آئین کے آرٹیکل 255 کی روشنی میں 28 اپریل تک لیں۔ صدر مملکت آئینی طور پر وزیراعظم یا وزیر اعلی کے فوری حلف لینے میں سہولت کاری کے پابند ہیں۔ عدالت یہ توقع کرتی ہے کہ صدر مملکت پنجاب کی صورتحال پر اپنا آئینی کردار ادا کریں۔ عدالتی عملے کو فیصلے کی کاپی فوری طور پر بذریعہ فیکس گورنر اور صدر کو بھیجنے کی ہدایت کر دی گئی۔ علاوہ ازیں نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہائیکورٹ سے اچھے کی امید ہے۔ ساری قوم نے سنا وہاں کل کیا دلائل ہوئے۔ پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ تین ہفتوں سے چیف ایگزیکٹو سے محروم ہے۔ صدر مملکت اور گورنر کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے۔ آئین سب سے بڑا ہے ہماری انا چھوٹی ہے۔ تاریخ کو داغدار نہ کریں۔ آئین کے تحت کام کریں۔ عمران خان کی ذاتی غلامی سے نکلیں۔ ان سے سوال کیا گیا کہ آپ کے حلف میں رکاوٹ کون ڈال رہا ہے انہوں نے کہا کہ ایک ہی آدمی ہے جس نے آئین و قانون کو پامال کیا اسکا نام عمران نیازی ہے جو لوگوں کو اداروں پر چڑھ دوڑنے کی ترغیب دے رہا ہے۔ عمران نیازی قومی مجرم جس نے عوام کو دھوکہ دیا۔ لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کر دیا گیا۔ لوگون کے گھر گرا دیے گئے۔ توشہ خانہ کیس اور فارن فنڈنگ کیس میں ہم اداروں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ اسے عوامی عدالت مین ان کا جواب دینا ہو گا۔ کل پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہو گا اور دیکھیں گے اب ڈنڈے اور گنڈاسے کی سیاست نہیں چلے گی اب آئین اور قانون کی حکمرانی ہو گی۔ دوسری طرف حمزہ شہباز کے حلف کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد گورنر پنجاب نے آئینی ماہرین کا اجلاس بلا لیا۔ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے وکلاء سے مشاورت کے لئے  اجلاس طلب کیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر غور کیا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے ممبران صوبائی اسمبلی نے حمزہ شہباز کے حلف سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔ اظہرصدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے حمزہ شہباز کی حلف برادری کی درخواست پر فیصلے کے خلاف اپیل تیار کر لی گئی ہے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اپیل رات 12 بجے سے پہلے دائر کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن