• news

وزیراعظم سے زرداری کی ملاقات ، جمہوری استحکام کیلئے سیاسی جماعتوں سے ملکر کام کرنے پر اتفاق 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سابق صدر مملکت اور رکن قومی اسمبلی آصف علی زرداری نے بدھ کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آئین کی بالادستی اور جمہوری عمل کا تسلسل ہی ملکی ترقی کا راز ہے۔ ملاقات میں ملک میں جمہوریت کے استحکام اور سماجی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعظم نے بلاول بھٹو زرداری کو وفاقی وزیر کے طور پر حلف لینے پر مبارکباد دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون سے جلد ملک کو درپیش چیلنجز پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ  بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں سے نکالے گئے 8 لاکھ 20 ہزار افراد کی دوبارہ شمولیت کیلئے اپیل کا طریقہ کار وضع کرنا خوش آئند ہے، ایسے مستحق افراد جو بغیر کسی وجہ کے نکالے گئے، انکی شمولیت یقینی بنائی جائے۔ بد ھ کو وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت شازیہ عطا مری  نے  ملاقات کی جس میں  وزیرِ اعظم کو وزرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے  بلوچستان دورے کے دوران مستحق افراد کی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شمولیت اور طالبات کی تعلیم کو یقینی بنانے کیلئے وظائف و والدین کو امداد کے اعلان پر خراج تحسین پیش کیا۔ دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے پاور سیکٹر میں ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات بالخصوص بند بجلی گھروں کو بھی جلد از جلد بحال کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیرِ برائے پاور ڈویژن خرم دستگیر نے بدھ کو یہاں ملاقات کی جس میں وزیرِ اعظم کو پاور سیکٹر کی اصلاحات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم کو ان کی ہدایت کے مطابق یکم مئی سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے اٹھائے جا رہے اقدامات پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے پاور سیکٹر میں ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات بالخصوص بند رہ جانے والے بجلی گھروں کو بھی جلد از جلد بحال کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت جاری کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کا بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے شہباز شریف کو عہدہ سنبھالنے کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے پاک بحرین تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے بحرین کے کرونا کیخلاف کامیاب اقدامات کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شاہ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا پاکستان میں استقبال کرنے کا منتظر ہوں۔وزیراعظم شہباز شریف سے لیگی ایم این اے سیدہ نوشین زہرہ نے ملاقات کی اور عوامی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اور حلقے کے امور پر بات چیت کی گئی۔مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف سے سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن نے بھی ملاقات کی۔ جے یو آئی ف کے رہنما اکرم خان درانی بھی ملاقات  میں شرکت تھے۔ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیر مملکت چترال کے شہزادہ محی الدین کی وفات پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مرحوم کے صاحبزادے شہزادہ افتخار اور تمام اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن